راولپنڈی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر نے ایک بار پھر بڑی تعداد میں لوگوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس حوالے سے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور رجوع الی اللہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زونل امراء کے ماہانہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لیاقت باغ کے جلسہ عام کے حوالے سے زونل امراء نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ کورونا کی نئی خطرناک لہر اور مخدوش حالات کے باوجود جلسہ عام میں مردو خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے۔ جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی نے لیاقت باغ میں کامیاب جلسہ کر کے ایک بار پھر راولپنڈی میں اپنی تنظیمی قوت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ کی کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رجوع الی اللہ کا ماہ مبارک ہے۔ انفرادی عبادات کے ساتھ ساتھ صدقہ و خیرات کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سید عارف شیرازی نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک میں مستحقین اور ضرورت مندوں کی امداد کیلئے زیادہ سے زیادہ الخدمت فائونڈیشن کو اپنے عطیات پہنچائیں۔