وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دے دیا۔
وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا گیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق تحریک لبیک پاکستان ملک میں دہشت گردی اور دوسرے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے۔
وزارت داخلہ کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک ملک میں لوگوں کو اکسا کر انتشار پیدا کرنے میں ملوث ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایل پی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی اموات اور زخمی کرنے میں ملوث ہے۔
وزارت داخلہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق تحریک لبیک نے وسیع پیمانے پررکاوٹیں کھڑی کیں، دھمکایا اور گالیاں دیں، تحریک لبیک نے نفرت کو ابھارا،عوام اور سرکاری املاک کو جلایا اور تباہ کیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک نے اسپتالوں میں صحت کے لیے ضروری سامان لے جانے سے روکا، تحریک لبیک نے معاشرے اور عوام میں بڑے پیمانے پر خوف و ہراس کی فضا پیدا کی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلیریشن سپریم کورٹ میں پیش کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے سمری انسداد دہشتگردی ایکٹ کے رول 11 بی کے تحت تیار کی، انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق 11 بی وفاقی حکومت کو کسی تنظیم کو کالعدم قرار دینے کا اختیار دیتی ہے۔
اس سے پہلے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو ختم کرنے کے لیے کل سپریم کورٹ سے بھی رجوع کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مجھے اور نورالحق قادری کو ٹی ایل پی سے متعلق تفصیلی ہدایات دیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر امن کو یقینی بنایا، ہم نے پوری کوشش کی بات چیت سے مسئلے حل ہوں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کے ارادے خوفناک تھے وہ اپنے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنا نہیں چاہتے تھے، ٹی ایل پی پر پابندی کےنوٹفکیشن کے لیے ضروری کارروائی جاری ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 580 پولیس والے زخمی ہیں، سب کو سلام پیش کرتا ہوں، پنجاب پولیس اور رینجرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔