واشنگٹن(جنگ نیوز )پاکستانی نژاد امریکی کمانڈر یاسر بشیر کو ہیوسٹن پولیس میں اسسٹنٹ چیف اور خاندانی تشدد کے محکمے کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق یاسر بشیر امریکا میں پہلے مسلمان اسسٹنٹ چیف آف پولیس ہوں گے۔نیشنل جیو گرافک نے 2018 میں امریکا میں موجود مسلمانوں کے حوالے سے ایک فیچر کیا تھا جس میں یاسر بشیر بھی شامل تھے۔پاکستان کے صوبہ پنجاب میں پیدا ہونے والے یاسر بشیر اپنے اہل خانہ کے ساتھ 1985 میں امریکا آگئے تھے اور اس وقت ان کی عمر 8 برس تھی۔یاسر بشیر نے 2001 میں پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی اور نائن الیون کے وقت وہ اکیڈمی میں تھے۔یاسر بشیر نے کہا کہ محکمہ رمضان المبارک کے دوران اپنے مسلمان افسران کے لیے خاص طور پر مددگار ثابت ہوتا ہے، افطار، عشائیہ کے وقفے اور نماز کے لیے وقت دیتا ہے۔ہیوسٹن پولیس ڈپارٹمنٹ میں بہت سے ساؤتھ ایشین اور مسلم پولیس افسر ہیں۔ان میں سب سے زیادہ معروف مظفر صدیقی ہیں جو ایک عشرے سے زیادہ عرصے سے فورس کے وابستہ ہیں۔