کراچی میں شارع فیصل پر ڈرگ روڈ کے قریب تیز رفتار کار الٹ گئی جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشنِ معمار اور شاہ لطیف ٹائون میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈرگ روڈ کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی اور قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جا گری۔
حادثے کے نتیجے میں کار سوار 3 افراد زخمی ہو گئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تینوں نوجوان معمولی زخمی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اسکاؤٹ کالونی میں آپس کے جھگڑے کے دوران 23 سالہ ضیاء زخمی ہوگیا۔
پولیس نے مزید بتایا ہے کہ گلشنِ معمار میں ناردرن بائی پاس پر فائرنگ سے 25 سالہ ذبیح اللّٰہ زخمی ہو گیا، واقعے سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر اینٹی انکروچمنٹ میں تعینات پولیس اہلکار جواد زخمی ہو گیا۔
3 ملزمان جنرل اسٹور پر لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران ملزمان سے مزاحمت پر پولیس اہلکار زخمی ہوا۔