• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غربت، بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کا مشن ہے، یاور عباس

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)پنجاب کے وزیر سماجی بہبود چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ غریب مستحق اور نادار افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے میں خود کفیل بنانے کے لئے متعدد فلاحی پروگراموں پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں محکمہ سماجی بہبود کے ادارے گہوارہ ماڈل چلڈرن ہوم میں مقیم بے سہارا بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کے موقع پر کہی۔ صوبائی وزیر نے مستحق افراد میں ضلعی زکوٰۃ کمیٹی کی طرف سے امدادی چیک بھی تقسیم کئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا مشن غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہے اور اس مقصد کے لئے پنجاب میں فلاحی منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور مستحق افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مخیر افراد بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ ایسے افراد جن کو ہماری مدد کی ضرورت ہے انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو سکے ۔دریں اثناء سید یاور عباس بخاری نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق اور انتظامیہ کے دیگر افسران کے ہمراہ راولپنڈی میں رمضان سستے بازاروں اور یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ کیا ۔انہوں نے جھنڈا چیچی میں واقع یوٹیلیٹی سٹورز میں روز مرہ استعمال کی سستے داموں فراہمی کا جائزہ لیا اور بالخصوص آٹا اور چینی کے اسٹالز پر سپلائی اور ڈیمانڈ کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے شمس آباد میں رمضان سستے بازار کا بھی دورہ کیا اور مختلف اسٹالز پر اشیاء خوردونوش کی کوالٹی کے ساتھ ساتھ قیمتوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نےاسپورٹس کمپلیکس میں قائم کیا کیا کورونا سینٹر کا بھی دورہ کیا ۔یاورعباس بخاری نے ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں قیمتوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت بھی کی ۔
تازہ ترین