اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جو سعودی ولی عہد کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب جائینگے جہاں وہ اپنی سرکاری مصروفیات کے بعد وطن واپسی سے پہلے رمضان المبارک کی 27 ویں شب مدینہ منورہ میں گزاریں گے اور روضہ رسولﷺپر حاضری دیں گے۔
دریں اثناء سعودی عرب میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کا شیڈول اور دورانیہ بھی متعین ہو چکا ہے۔ دونوں رہنمائوں کی اس ملاقات کو کچھ عرصے پہلے کے پس منظر اور مستقبل قریب کے پیش نظر میں ایک خاص اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان کی جانب سے کشمیر کے موضوع پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلائے جانے کے موقف کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر سعودی عرب کی جانب سے قدرے ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا۔
جب کہ حال ہی میں سعودی عرب نے ایران کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہش کا عندیہ دیا تھا جس کے جواب میں ایران نے سعودی عرب کی جانب سے ’’ لہجے کی تبدیلی‘‘ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے امید ہے کہ دونوں ممالک امن کے حصول کیلئے مل کر کام کرسکتے ہیں۔