رائیونڈ میں 30 روپے کے تنازع پر پھل فروشوں نے 2 بھائیوں کو قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رائیونڈ میں 30 روپے کے تنازع پر زخمی دوسرا نوجوان بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔
راشد اور اس کے بھائی واجد پر پھل فروشوں نے رقم کے تنازع پر تشدد کیا تھا، راشد کا بھائی واجد پہلے ہی اسپتال میں دم توڑ گیا تھا، مقدمہ مقتولین کے والد کی مدعیت میں تھانہ رائیونڈ سٹی میں درج ہے۔
پولیس کے مطابق موضع رتی پنڈی کے 2 بھائیوں 22 سالہ واجد اور 25 سالہ راشد نے ایک ریڑھی والے سے پھل خریدا، اس دوران ان کا محض 30 روپے پر جھگڑا ہو گیا۔
ریڑھی بان تیمور اور اویس نے اپنے 5 نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ مل کر دونوں بھائیوں کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے 22 سالہ واجد دم توڑ گیا جبکہ 25 سالہ راشد کو شدید زخمی حالت میں جنرل اسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جو دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
مرکزی ملزم تیمور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، دوسرے ملزم اویس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان نے گاہک کو قتل کر دیا، ملزم نے ڈنڈوں کے وار سے 2 بھائیوں پر تشدد کیا۔
اس واقعے کا ایک اور دلخراش پہلو یہ بھی ہے کہ لوگ موبائل فونز سے ویڈیوز تو بناتے رہے مگر کسی نے جھگڑا ختم کروانے کی کوشش نہیں کی۔