• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کو مٹانے والے خود قصہ پارینہ بن گئے‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ کل تک جن کی نگاہیں بوٹوں سے نہیں اٹھتی تھیں وہ آج دوسروں کو یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ ابھی تک سیاسی بلوغت تک نہیں پہنچے۔ اگر انگلی دوسروں کی طرف اٹھائی جاتی ہے تو ہاتھ کی باقی انگلیاں خود اس کی جانب اشارہ کررہی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باجی فردوس پنجابی فلموں کے عروج کا دور گیا اب بھڑکیں مارنے سے کام نہیں چلایا جاسکتا سرکاری ملازمین تو ذاتی غلام سمجھنے والے اب منہ کی کھاتے ہیں۔ بازاروں کے چکر میں آپ کو خود چکر نہ آجائیں۔ وہی چکر جو آپ لوگوں کو دیتی چلی آئی ہیں۔ ایک عورت ہوکر ایک عورت کی تذلیل کرنا آپ کی فرعونیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جب عورت کے استحصال میں عورت ہی ملوث ہو تو آزادی نسواں کا نعرہ عورت ہی کے ہاتھ میں پامال ہوجاتا ہے۔ اب صفائیاں آپ کے رویوں کو مزید مشکوک بنا رہی ہیں۔ صادق عمرانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہداء کی جماعت ہے اسے ملکی سیاست سے مٹانے والے خود قصہ پارینہ بن گئے۔ سازشوں کو ہر دور میں عروج دیا گیا مگر مسلط کئے جانے والے وقت کے فرعون اسے عوام کے دلوں سے نکال نہیں سکے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو صبر کا نسخہ تھمانے والے اپنے اناڑی پن کی وجہ سے خود صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑنے والے ہیں۔ کیونکہ قوم خود محاسبے کی جانب چل نکل ہے اور یہ لگنے والی عوامی عدالت میں تبدیلی سرکار کو بچھاڑ رہی ہے۔ گھبرانا نہیں ابھی تو چاروں شانے چت ہونے والے ہیں اب گھبرانے کی بات تمہاری ہے قوم کو ہیرو سے زیرو بنانے کا فن خوب آتا ہے وہ مسلط کردہ عناصر کی مہم جوئی سے آگاہ ہوچکی ہے جو اب قوم کے معاشی و سیاسی استحصال سے بہت آگے نکل چکی ہے۔ جنہیں گمبھیر ہوتے ہوئے حالات کی حساسیت کا ذرا بھر بھی ادراک نہ ہو ان کو آدھی چھٹی ساری مل جانی چاہئے تاکہ انہیں زبردستی رکھوائے گئے سیاسی روزے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کچھ تو سہولت مل سکے چہروں پر طاری بے چارگی میں یہ ان کا حق ہے۔
تازہ ترین