• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف ٹی وی اداکارہ سنبل شاہد کورونا کے باعث انتقال کرگئیں۔

سنبل شاہد کی بہن بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ سنبل شاہد کو ایک ماہ پہلے کورونا ہوا تھا جس کے بعد سے وہ لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

سنبل شاہد کو مسلسل طبیعت بگڑنے پر  22 اپريل کو وينٹيليٹر پر منتقل کیا گيا تھا۔

بشریٰ انصاری کا بتانا ہے کہ سنبل کے بڑے بیٹے شیراز کو سال 2019 میں پیراگلائڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا تھا جس کے باعث وہ جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

سنبل شاہد نے جیو کے مقبول ڈراموں ملکہ عالیہ، عشقہ وے میں کام کیا، انہوں نے جیو کے ہی ڈرامے ’تاکے کی آئیگی بارات‘ میں تاکے کی ماں کا مقبول کردار نبھایا۔

انہوں نے پرچھائیاں، داغ، پانی جیسا پیار، اعتراف، یہ شادی نہیں ہوسکتی، نند، ایک اور ستم و دیگر معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

گزشتہ دنوں پاکستانی ماڈل ونیزا احمد نے انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ سنبل شاہد کیلئے بلڈ گروپ بی پازیٹیو کی اشد ضرورت ہے۔

سنبل شاہد کی بہنیں بشریٰ انصاری اور عاصمہ عباس بھی بہن کی صحت کے حوالے سے پوسٹس شیئر کررہی تھیں۔

بشریٰ انصاری کی بہن عاصمہ عباس نے بہن سنبل شاہد کی صحت کے حوالے سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سنبل شاہد اسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہیں، براہِ کرم اُن کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔

سنبل شاہد کے انتقال کی خبر پر رکنِ پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر سُن کر انتہائی دُکھ ہوا، اللہ ان کے گھر والوں کو صبر دے۔

تازہ ترین