لاہور میں کورونا ویکسینیشن کا سلسلہ تو خوش اسلوبی سے جاری ہے۔ تاہم سرٹیفکیٹ کے حصول میں شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ اب تک اس حوالے سے 990 شکایات درج کروائی جا چکی ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب نے ویکسینیشن سنٹرز میں ہی شکایت سیل قائم کر دیا۔
لاہور میں 3 ماہ سے کورونا ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے۔ ویکسینیشن کے بعد نادرا سے کورونا سرٹیفیکیٹ لیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں شہریوں کو مختلف شکایات کا سامنا ہے۔ صرف ایکسپو سنٹر میں 415 شکایات درج کروائی گئی ہیں۔
انچارج شکایت کاؤنٹر محمد ذیشان کے مطابق بعض شکایات ایسی بھی آئی ہیں کہ ویکسینیشن کے باوجود این سی او سی میں کوئی ریکارڈ سامنے نہیں آیا، جبکہ کین سائنو کی جگہ سائنوفارم اور سائنوفارم کی جگہ کین سائنو لکھ دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 48 سے 72 گھنٹوں میں شکایت دور کر دی جاتی ہیں۔ بیرون ملک جانے والے افراد ٹکٹ دکھا کر ویکسینیشن سینٹر سے سرٹیفیکیٹ لے سکتے ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ سے بھی شہری خود اپنا سرٹیفیکیٹ نکال سکتے ہیں، کورونا سرٹیفیکیٹ کے لیے صرف سو روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔