• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد پولیس کا عید سکیورٹی پلان 2900 اہلکار فرائض انجام دینگے

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد پولیس نے عیدالفطر کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری کردیا۔ ضلع بھر میں 997مساجد، 33 امام بارگاہوں پر 2900سے زائد افسران و جوان اور رضا کار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ اسلام آباد پولیس اس آزمائش کی ہر گھڑی میں اپنے شہریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ون ویلنگ‘ ہوائی فائرنگ اور معاشرے کا امن تباہ رنے والوں کیخلاف فوری ایکشن ہو گا۔ ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ شہریوں کا پولیس فورس کے ساتھ تعاون انکے حوصلے مزید بلند کریگا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام زونل افسران کو سختی سے ہدایات دیں کہ مساجد اور امام کی سکیورٹی کو الرٹ رکھا جائے۔ ضلع بھر میں گشت کیلئے خصوصی سکوارڈز تشکیل دیئے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں جنرل ہولڈ اپ بدستور جاری رکھا جائیگا، اسکے علاوہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائیگا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حمل سے گریز کریں۔ ڈیوٹی پر تعینات عملہ کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی شناختی علامت اپنے ہمراہ رکھیں۔ انہوں نے تمام افسران و جوانوں کو بھی ہدایت کی کہ تمام افسران دلچسپی اور حب الوطنی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں اور اپنا آرام اور نیند عوام کی حفاظت کی خاطر قربان کریں تاکہ کورونا کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
تازہ ترین