• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان سُپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کے لیے اگلے دو روز اہم ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) یو اے ای میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کرانے کے لیے پُرامید ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے ابوظبی متوقع وینیو ہوسکتا ہے جبکہ میچز ری شیڈول کرنےکی تیاریاں جاری ہیں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ 20 جون تک لیگ مکمل کرنے کے لیے دو سے تین ڈبل ہیڈر کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے، پی سی بی کو ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے عیدالفطر کی تعطیلات کے اختتام پر جواب مل سکتا ہے، عید کے بعد یو اے ای میں کل سے دفاتر کھل رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ  پی سی بی نے میچز کی میزبانی کے لیے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر رکھا ہے جبکہ پی سی بی کا اعلیٰ سطحی وفد چار روز سے یو اے ای میں معاملات کے لیے موجود ہے۔

پی سی بی ذرائع نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا بھی جلد انگلینڈ سے واپسی کا امکان ہے، یو اے ای میں اجازت نہ ملی تو کراچی کو بطور بیک اپ آپشن استعمال کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں پی سی بی دوبارہ این سی او سی سے رابطہ کرے گا۔

دوسری جانب گزشتہ چند روز سے ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی شرح پھر کم ہورہی ہے۔

تازہ ترین