اسرائيلی حملوں کے خلاف فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
مذہبی، سیاسی، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے ان مظاہروں میں شرکت کررہے ہیں اور فلسطین کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔
فلسطین پر اسرائيلی حملوں کے خلاف اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد میں فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف بھارتی ہائی کمیشن کے باہر حق خودارادیت فورم جموں کشمیر کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
پشاور میں ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام کی قیادت میں ریلی کا اہتمام کیا گيا، ریلی سے امیر مقام نے خطاب بھی کیا۔
فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کیخلاف کراچی یونین آف جرنلسٹ اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔
مظاہرے میں دیگر صحافتی تنظیموں اورسیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
جماعت اسلامی نے اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ 21 مئی کو اسلام آباد میں احتجاجی مارچ ہوگا، دوسری طرف جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے 23 مئی کو شارع فیصل پر فلسطین مارچ نکالنے کا اعلان کیا۔