• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلاٹوں کی خلاف ضابطہ منتقلی، چیئر مین سی ڈی اے کا نوٹس

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)سی ڈی اے کے شعبہ لینڈ میں حکام کی جانب سے حذف شدہ پلاٹوں کی قرعہ اندازی میں مبینہ طورپر کروڑ وں روپے مالیت کے 30پلاٹوں کی ایک سیکٹر سے دوسرے سیکٹر میں خلاف ضابطہ منتقلی کا انکشاف ہوا ہے حکام نے حذف شدہ پلاٹوں کی بیلٹنگ میں سیکٹر آئی 14کے ڈیپریشن (گہرائی) والے پلاٹس شعبہ لینڈ سروے کی سفارشات اور بورڈ کی منظوری کے بغیر الاٹ کروا کرمنظور نظر افراد کوکروڑوں روپے کے فوائد پہنچائے جس پر چیئرمین سی ڈی اے نے معاملے کا نوٹس لے لیا ۔سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے سیکٹر آئی 14کے ذف شدہ پلاٹوں کی قرعہ اندازی میں شامل کئے گئے پلاٹوں کا ریکارڈ تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ سی ڈی اے کے شعبہ لینڈ و بحالیات میں حذف شدہ پلاٹوں کی قرعہ انداز ی میں بھی جعل سازی کی شکایت پراس معاملے کی بھی انکوائری کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ۔ سیکٹر آئی 12اور آئی 14میں حذف ہونے والے پلاٹوں کی آخری قرعہ اندازی گزشتہ ماہ نادرا سے کروائی گئی جس میں سیکٹر آئی 14کے 30سے زیادہ ایسے پلاٹس شامل کردئیے گئے جو حذف شدہ نہیں تھے بلکہ انہیں ڈیپریشن (گہرائی) میں ظاہر کیا گیا جہاں سروسز موجود نہیں تھیں اور گھر بننا ممکن نہیں تھا تاہم ایسی کسی بھی سرگرمی کے لیے ضروری ہے کہ پلاننگ ونگ کا شعبہ لینڈ سروے اپنی رپورٹ میں یہ سفارش کرتا ہے کہ مذکورہ پلاٹ پر گھر تعمیر نہیں ہوسکتا لہذا اسے متبادل پلاٹ دیا جائے جس کے بعد ان پلاٹس کی الاٹمنٹ کی سی ڈی اے بورڈ باضابطہ طورپر منظوری دیتاہے جبکہ حذف شدہ پلاٹوں کی قرعہ اندازی سی ڈی اے پالیسی کے تحت کررہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اس ضمن میں موصول ہونے والی ایک شکایت پر نوٹس لے لیا اور سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کو مذکورہ معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
تازہ ترین