• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آگئے، امت مسلمہ سے متحد ہونے کا مطالبہ

راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ، خصوصی نامہ نگار)فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے جڑواں شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ راولپنڈی عیدگاہ میں یوم یکجہتی فلسطین کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس سے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور کونسل آف اسلامک آئیڈیالوجی کے چیئر مین قبلہ ایاز نے خطاب کیا ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ الحمدللہ اس وقت عالم اسلام میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے فلسطینی عوام کے ساتھ جس انداز سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کر رہی ہے اس پر فلسطینی عوام بھرپور محبت کا اظہار کیا ہے۔ فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے ضلعی انتظا میہ کی جانب سے کچہری چوک میں ریلی کا انعقا دکیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)بلال ہا شم نے کی جبکہ ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کیپٹن(ر) قاسم اعجاز،سماجی و دینی راہنماؤں و دیگر شخصیات نے بھی ریلی میں شر کت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نےاپنے خطاب میں کہا کہ ظلم و بر بر یت کے خلاف پر امن احتجاج ہمارا حق ہے۔پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر وایم این اے صداقت عباسی اور ضلعی جنرل سیکریٹری عارف عباسی کی قیادت میں راولپنڈی پریس کلب سے ریلی نکالی گئی جو بعد ازاں مرکزی ریلی میں شرکت کے لئے اسلام آباد روانہ ہو گئی۔دریں اثناء مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ راولپنڈی، پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن پنجاب اور انجمن شہریان راولپنڈی کے زیر اہتمام بھی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے زاہد بختاوری نے کہا کہ نام نہاد عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور امن کے ٹھیکیداروں کا ظلم بربریت پر اسرائیل کا ساتھ دینا گہری صہیونی سازش ہے۔ او آئی سی اور امت مسلمہ کے حکمرانوں کو متحد ہو کر اس سازش کا خاتمہ اور فلسطین کے مستقل اور پائیدار امن کےلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ مظاہرہ سے ڈاکٹر عبدالقیوم اور خالد مسعود نے بھی خطاب کیا جبکہ دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیدار چوہدری عمران رشید نوروارث خٹک ڈاکٹر عبدالقیوم طارق سلطان خالدمسعود سید منصور علی شاہ نجم اسلام سعود حامد فیصل افتخار عمران باسط کے علاوہ دیگر شرکاءبھی شریک ہوئے۔ ادھرجماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹرطارق سلیم نے لبیک القدس مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں نے بغیرکسی اسلحے کے پتھروں کی طاقت سے اسرائیل کا زعم توڑ دیا ۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹر ی جنرل اقبال خان،نائب امرائے صوبہ ڈاکٹرمبشر احمد صدیقی،قاضی محمدجمیل،محمد ضیغم مغیرہ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگرذمہ داران بھی موجود تھے۔راولپنڈی میں امیرضلع سیدعارف شیرازی، رضااحمدشاہ،راجہ محمدجوادکی زیرقیادت القدس ریلی کاآغازشمس آباد سے ہوا بعدازا ں اس کے شرکاء لبیک القدس مارچ کا حصہ بن گئے۔ ریلی کی قیادت سید عارف شیرازی ، عثمان آکاش ،سید عزیر حامد،خالد محمود مرزا اور دیگر عیدیداران کر رہے تھے۔نوجوانان توحید و سنت کے زیراہتمام صادق آباد میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے امیر مولانا نعیم الرحمن نے رمضان میں مسجداقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے حملے کو بدترین دہشتگردی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی امن کے د عویدار اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسجد اقصیٰ پر حملے کا نوٹس لیں ۔تحریک اتحاد اُ مت پا کستان کی جانب سے بھی گزشتہ روزجامعہ سراجیہ نظامیہ اصغر مال روڈ پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے اظہار کے لیئے ریلی نکالی گئی۔امیر مولا نا پیر سید چراغ الدین شاہ نے ریلی سے خطا ب کر تے ہو ئے کہا کہ بیت المقدس ہمارا قبلہ اول ہے ۔گریڈ 1تا 16 اور 17 کے سرکاری ملازمین نے بھی فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت ، ظلم و بربریت اور فلسطینیوں پر برسائے جانے والے بارودکے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ۔ احتجاج کی قیادت مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سردار محمد حنیف نے کی ۔ ریلی میں ایپکا کے قائدین افتخار گڈو ،فہیم اکبر جنجوعہ ،چوہدری وحید مرادگوندل، عبدالحسیب قریشی ، واجد علی عباسی و دیگر بھی شریک تھے۔ ریلی کا آغاز صدر کینٹ کے دفتر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے کیا گیا۔ مظاہرین نے مری روڈ پر مڑیر چوک تک مارچ کیا ۔سجا دہ نشین بری امام سرکار فقیر غلام حسین قادری کی زیر قیادت فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف مرکز محمد ی روحانی سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو سہالہ سے کاک پل تک گئی ،شرکاء نے فلسطینوں کے حق میں نعرے بازی کی اور خبردار کیا کہ فلسطین کی آزادی تک اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی خواہش پوری نہیں ہونے دی جا ئے گی۔غزہ میں فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم کے خلاف جمعہ کو فاؤنڈیشن یونیورسٹی کے زیر اہتمام بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کا نوٹس لیں۔
تازہ ترین