ملتان میں 21 اور 22 مئی کو ہومیو پیتھک ڈاکٹر کی دوائی کھا کر انتقال کر جانے والے 3 بچوں کے والد کا بھی آج انتقال ہو گیا۔
ملتان کے علاقے حامد پور کنورہ میں 3 بہن بھائیوں کا مبینہ طور پر ہومیو پیتھک ڈاکٹر سے کھانسی کی دوائی دینے سے انتقال ہوا تھا جس کے بعد آج تینوں بچوں کا والد غلام حسین بھی اپنے گھر میں مبینہ طور پر دوا کھانے کے بعد انتقال کر گیا۔
غلام حسین کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
غلام حسین کے ایک رشتے دار محمد اکبر کے مطابق شبہ کیا جا رہا ہے کہ غلام حسین نے آج گھر میں کوئی زہریلی دوا کھائی ہے جس کے بعد اس کی موت واقع ہوئی، تاہم پوسٹ مارٹم اور پولیس کی تفتیش سے اصل صورتِ حال سامنے آسکے گی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیق میں واقعہ خودکشی لگ رہا ہے، لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے، فرانزک رپورٹ آنے پر ہی اصل حقائق معلوم ہو سکیں گے ۔
واضح رہے کہ پولیس نے اب تک اس واقعے میں ہومیو پیتھک ڈاکٹر سلیم کو گرفتار کر رکھا ہے۔