اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے اپنے اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ بدعنوان عناصر کیخلاف اس کی کارروائیاں بلا تفریق ہیں اور نیب کسی مخصوص طبقے کو نشانہ بنانے پر یقین نہیں رکھتا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب نے گزشتہ برس 321 ارب سے زائد کی رقم بدعنوان عناصر سے وصول کی جو کہ کسی بھی ایک سال کے دوران وصول کی گئی ریکارڈ رقم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیب کو 4 لاکھ 87 ہزار 964 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، 15 ہزار درخواستوں کی منظوری دی، 10 ہزار سے زائد انکوائریز اور 4 ہزار 598 درخواستوں کی تحقیقات کی گئیں جبکہ اس دوران 3 ہزار 682 ریفرنسز دائر کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کی شرح 68.8 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیب نے درخواستوں، تحقیقات اور تفتیش کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنا مانیٹرنگ اور جائزہ سسٹم مرتب کررکھا ہے تاکہ اسے جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔