• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین، 20 ارب مختص، اسی ماہ ایک کروڑ خوراکیں خریدی جائیں گی، رواں سال 7 کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف

کورونا ویکسین، 20 ارب مختص


کراچی،اسلام آباد، لاہور،پشاور(اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ، خبرایجنسیاں، جنگ نیوز) کورونا ویکسین کیلئے 20ارب مختص،اسی ماہ ایک کروڑ خوراکیں خریدی جائینگی،رواں سال 7کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کاہدف،ویکسی نیشن میں تیزی کیلئے تمام شناختی کارڈ ہولڈرز کی رجسٹریشن جمعرات سے ، سندھ میں بھارتی قسم سے4متاثر،کراچی میں پابندیوں کے باجود کورونا مثبت شرح 10سے اوپر ،سندھ کے شاپنگ مالز میںبھی ویکسی نیشن سینٹر بنیں گے،یومیہ 2لاکھ کا ہدف،ڈریپ نے فائزر ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دیدی،اسد عمر کاکہناہےکہ بھارت میں وائرس سے ہلاکتیں 238فی ملین آبادی، پاکستان میں 92ہوئیں،شوکت ترین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آئندہ مالی سال ویکسین کیلئےضرورت کے مطابق فنڈز جاری کرینگے،KPاور پنجاب کے تعلیمی ادارے کھل گئے۔ پیر کووفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیاجس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیےویکسین کی بروقت خریداری کےلیے این ڈی ایم ایف ( نیشنل ڈایزاسٹر مینجمنٹ فنڈ) کےتحت20ارب روپے(13کروڑ ڈالر) کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی ، اجلاس میں کورونا ویکسین کی ایک کروڑ خوراکوں ( ڈوز) کی ماہ جون میں خریداری کےلیے فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی ،فیصلہ کیا گیاکہ آئندہ مالی سال 2021-22میں کورونا ویکسین کی خریداری کےلیے اضافی فنڈز کی ضرورت کا جائزہ لیا جائےگا اور ضرورت کے تحت اضافی فنڈز جاری کیے جائیں گے ، کورونا ویکسین کے حوالے سے انتظامی ذمہ داری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ، ریگولیشن اورکوآرڈی نیشن اور تمام صوبائی محکمہ صحت کی ہے ، ای سی سی اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، وزیر نجکاری میاں محمد سومرو، وزیر ریلوے اعظم سواتی ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین ، معاون خصوصی خزانہ و ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود ، سیکرٹری خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔این سی او سی سربراہ اسد عمر نے کہاہےکہ حکومت نے کورونا ویکسینیشن میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے ، جمعرات 3جون سے 18سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی ویکسی نیشن کے لئے رجسٹریشن کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس اقدام سے ویکسین لگوانے کے تمام اہل افراد کی ویکسی نیشن کا عمل شروع ہوجائے گا، آئندہ 2ماہ میں ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں پاکستان پہنچیں گی،سال کے آخر تک 7کروڑ شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ایک پیغام میں اسد عمر نےکہاکہ بھارت میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 238فی ملین آبادی ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح 92فی ملین آبادی ہے،اگربھارت میں کورونا اموات کی شرح آبادی کے تناسب سے وہی ہوتی جوپاکستان میں ہے توبھارت میں 2لاکھ اموات کم ہوتیں ،اللہ کا شکرادا کریں،حفاظتی تدابیرپرعمل کریں اور ویکسین لگوائیں۔ادھر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے فائزر ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی،فائزر کی ایم آر این اے ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری ڈریپ کے رجسٹریشن بورڈ نے دی جس کے بعد فائزر ویکسین ملک میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی،حکام کے مطابق فائزر ویکسین خصوصی افراد بشمول کمزور قوت مدافعت والے مریضوں کو لگائی جائے گی جبکہ یہ ویکسین 40 سال سے کم عمر حاملہ خواتین کو بھی لگے گی،حکام نے بتایا کہ حج پر جانے والے 40 سال سے کم عمر افراد کو بھی فائزر ویکسین لگائی جاسکتی ہے،بااثر افراد نے فائزر ویکسین لگانے کیلئے سفارشیں شروع کر دی ہیں جس کے بعد ویکسین کے استعمال کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین کے غیر مستحق افراد کو لگنے سے روکنے کیلئے سخت اقدامات کریں گے۔وفاقی حکومت نے بھی فائزر کمپنی کی ایم آر این اے ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان 10لاکھ خورا کیں بذریعہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خریدے گا، حکام نے بتایا کہ فائزر نے ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے،پاکستان کو فائزر کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں جولائی یا اگست میں مل جائیں گی۔ادھر کورونا سے ملک میں ہلاکتیں کم ہونے لگیں، 24گھنٹے کےدوران 43اموات، 2ہزار117نئے مریض، مثبت کیسزکی شرح4 تک آگئی،کراچی ایئرپورٹ پر چار افراد میں بھارتی قسم کے کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی،متاثر افراد میں 3کراچی اور ایک گھوٹکی کا رہائشی ،عراق اور مسقط سے آئے تھے۔مزید برآں سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 19 مریض انتقال کرگئے اور 914 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں کورونا کی مثبت شرح 6.8 رہی،24گھنٹوں میں مزید 684 مریض صحتیاب بھی ہوئے،صوبے میں اس وقت 25795 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 967 مریضوں کی حالت تشویشناک اور 73 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ، 914 نئے کیسز میں سے 508 کا تعلق کراچی سے ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ شام 6بجے بازار بند کرنے اور 8بجے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے پر پابندیوں کے باوجودکراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10سے اوپر چلی گئی ہے،وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی (این سی سی ) کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ نےکہا کہ کورونا کیسز کی وجہ سے صوبے کے اسپتالوں پر دباؤ ہے اور نجی اسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر چکے ہیں جب کہ ایکسپو سینٹر میں بھی 80 فیصد بستروں پر کورونا کے مریض ہیں،مریض اب سول،جے پی ایم سی اور لیاری اسپتال میں داخل کر رہے ہیں، سندھ میں روزانہ70ہزارویکسین لگ رہی ہیں اور چاہتے ہیں کہ روزانہ 2 لاکھ ویکسین کا ہدف پورا کریں ،اس لیے موبائل ویکسی نیشن کا سسٹم بنایا ہے جس کے ذریعے روزانہ ایک لاکھ ویکسی نیشن لگائیں گے، ہم یومیہ 2لاکھ ویکسین کا ہدف پورا کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتا یا کہ گزشتہ 30 دنوں میں 361 اموات ہوئیںجن میں 228 وینٹی لیٹرز پر تھے۔سندھ حکومت نے سرکاری اور نجی اداروں میں کورونا ویکسین سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،کراچی کے علاقے کلفٹن میں محکمہ صحت سندھ کی جانب سے شاپنگ مال میں کورونا ویکسین سینٹر کھولا گیا جس کا افتتاح سیکرٹری صحت سندھ کاظم جتوئی نے کیا،جیونیوز سے گفتگو میں سیکرٹری صحت نے بتایا کہ شاپنگ مال انتظامیہ کو سنگل ڈوز پاک ویک ویکسین دی گئی ہے، پہلے مرحلے میں انتظامیہ اپنے ملازمین کو ویکسین لگائے گی، دوسرے مرحلے میں ملازمین کے اہل خانہ کو ویکسین لگائی جائے گی جبکہ تیسرے مرحلے میں شاپنگ مال میں آنے والے صارفین کو ویکسین لگائی جائے گی۔سیکرٹری صحت کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں بھی ویکسین سینٹر قائم کیا گیا ہے جبکہ سندھ سیکرٹریٹ، کراچی پریس کلب، آرٹس کونسل، بینک آف پنجاب، کاٹی اور دیگر جگہوں پر بھی ویکسین لگائی جاری ہے۔علاوہ ازیں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کی تیاری کے لیے تعلیمی ادارے پیرسے کھل گئے۔                                     

تازہ ترین