• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ حملہ کیس، دوخواتین وکلاء گرفتار،دوکی ضمانت منظور

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت میں زیر سماعت ہائیکورٹ حملہ کیس میں دو خواتین وکلاء کے سرینڈر کرنے پر عدالت نے انہیں جوڈیشل کردیا۔ بدھ کو سماعت کے دوران وکلاء شائستہ تبسم اور معراج ترین عدالت میںپیش ہوئیں جس پر وہاں موجود پولیس حکام نے انہیں اپنی تحویل میں لےلیا، عدالت نے دونوں خواتین وکلاء کو جوڈیشل پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا اس موقع پروکلاء کی طرف سے ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں بھی دائر کردی گئیں جن پر عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔یاد رہے کہ منگل کے روز اسی عدالت نے دونوں خواتین وکلاء کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری واپس لیے جانے پر خارج کردی تھی اور وکلاء کےعدالت پیش نہ ہونے پر ان کی گرفتاری نہ ہوسکی تھی۔ دریں اثناجج راجہ جواد عباس حسن نے ہائیکورٹ میں چیف جسٹس بلاک پر حملے اور توڑ پھوڑ کیس میں گرفتار دو خواتین وکلاء کی ضمانت منظورکرلی۔ بدھ کو سماعت کے دوران گرفتار وکلاء بشری سلیم اور شہلا بی بی کی طرف سے ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں دائر کی گئیں، عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد گرفتار خواتین وکلاء بشری سلیم اور شہلا بی بی کی ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواستیں ایک ایک لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کےعوض ضمانت منظور کرنے کا حکم سنادیا۔
تازہ ترین