• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن




ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) آفس میں پیش ہو گئے۔

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار اور پی ایس پی کے سابق رہنما انیس ایڈووکیٹ کو آج طلب کر رکھا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیئے گئے را کے دہشت گردوں سے روابط کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار اور سابق پی ایس پی رہنما انیس ایڈووکیٹ کو دہشت گردوں کی معاونت کے الزام میں سی ٹی ڈی نے طلب کیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا، گرفتار دہشت گرد نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرنے کا اعتراف کیا تھا اور فاروق ستار سے اپنا تعلق ظاہر کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فاروق ستار کی طلبی کا نوٹس ان کے گھر اور مقامی ہوٹل بھیج دیا گیا ہے، تاہم فاروق ستار کو فون کر کے بھی آگاہ کیا گیا ہے جبکہ پی ایس پی رہنما انیس ایڈووکیٹ کو بھی اسی سلسلے میں نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی نوٹس نہیں ملا ہے تاہم فون کال پر انہیں پیغام ملا ہے لیکن تفصیلات نہیں بتائی گئیں، تفصیلات پتہ چلنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے پی آئی بی کالونی میں فاروق ستار کی رہائش گاہ پر نوٹس بھی وصول کرا دیا گیا ہے۔

ادھر سابق رہنما پی ایس پی انیس ایڈووکیٹ نے خبر کی تردید کرتے ہوئے جیو نیوز کو بتایا کہ انہیں محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی جانب سے طلبی کا نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔

تازہ ترین