• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ الزبتھ دوم آج اپنے آنجہانی شوہر شہزادہ فلپ کی 100 ویں سالگرہ منائیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملکہ برطانیہ شہزادہ فلپ کی سالگرہ کے دن اکیلے ہی کچھ وقت گزاریں گی اور اس دن کو ذاتی طور پر منائیں گی،  کسی بڑی تقریب کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔

شاہی مبصر ایان لوئیڈ کے مطابق ہوسکتا ہے کہ ملکہ برطانیہ شہزادہ فلپ کی یاد میں رکھی گئی ایک نجی تقریب میں شرکت کرکے ڈیوک آف ایڈنبرا کو خراجِ تحسین پیش کریں۔

یاد رہے کہ ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ 69 سالہ دورِ حکومت میں اپنی اہلیہ کے ساتھ رہے جوکہ برطانوی تاریخ میں اب تک سب سے طویل عرصہ ہے۔

اس دوران شہزادہ فلپ نے ایک سخت، بہت سنجیدہ رویے اور کبھی کبھار کچھ غیر دانستہ طور پر سرزد ہونے والی غلطیوں کی وجہ سے شہرت حاصل کی۔

شہزادہ فلپ نے 1947ء میں ملکہ الزبتھ دوم سے شادی کی تھی، انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے بعد کی بادشاہت کو بدلتی دنیا میں ڈھالنے میں مدد دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

شہزادہ فلپ بکنگھم پیلیس کی اہم شخصیت تھے جن پر ملکہ برطانیہ بھروسہ کر سکتی تھیں، کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے ان سے رجوع کرسکتی تھیں یہ جانتے ہوئے کہ انہیں بالکل صحیح راستہ وہی بتا سکتے ہیں۔

فلپ نے برطانوی بادشاہت کے طور طریقے جدید بنانے، بحرانوں سے نکلنے اور آگے بڑھانے میں ہمیشہ مدد فراہم کی۔

واضح رہے کہ شہزادہ فلپ، رواں سال 9 اپریل کو 99 برس کی عمر میں دُنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔

تازہ ترین