• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس میں ترکی کے اشتراک سے گیس ریفائنری کا افتتاح

ماسکو ( نیوز ڈیسک) روس میں ترکی کے اشتراک سے توانائی کے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کردیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ترکی کی شراکت سے تعمیر کی گئی گیس ریفائنری کا افتتاح کیا۔ آمور گیس ریفائنری روس کی توانائی کمپنی گازپروم اور ترکی کی توانائی کمپنی ریناسنس کے اشتراک سے تعمیر کی گئی ہے۔ اس کی تعمیر روس کے علاقے مشرقی سائبیریا میں کی گئی ہے۔پوٹن نے آمور ریفائنری کا افتتاح وڈیو کانفرنس کے ذریعے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں روسی صدر نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں ماسکو، انقرہ اور بیجنگ جیسے کئی شراکت داروں سے افراد اور کمپنیوں نے حصہ لیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ وسیع پیمانے کا اشتراک مستقبل میں اسی طرح کے مزید مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار کرے گا۔ واضح رہے کہ آمور گیس ریفائنری روس کی بڑی گیس ریفائنریوں میں سے ایک ہے۔ یہ ریفائنری 2025 ء سے 42 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس فراہم کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گی۔
تازہ ترین