وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امیر اور غریب کو یکساں سبسڈی فراہم کرنا صرف سرکاری وسائل کا زیاں ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران کیا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، معاونین خصوصی ثانیہ نشتر، ڈاکٹر وقار مسعود، شہباز گل اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
دوران اجلاس ثانیہ نشتر نے ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی سے متعلق مجوزہ نظام پر بریفنگ دی۔
انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ احساس سروے 92 فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ رواں ماہ ہی مکمل کرلیا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی نظام کا مقصد کروڑوں خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے ٹارگٹڈ سبسڈی سے متعلق نظام ترتیب دینے پر ثانیہ نشتر و دیگر کی کاوشوں کو سراہا۔
عمران خان نے دوران خطاب کہا کہ امیر اور غریب کویکساں سبسڈی فراہم کرنا صرف سرکاری وسائل کا زیاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکساں سبسڈی نظام سے غریب لوگوں کی حق تلفی ہوتی ہے، جو اس کے زیادہ مستحق ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کمزور طبقوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت تمام مالی وسائل فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، نئے نظام کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ آئندہ ماہ سے اجرا کیا جا سکے۔