• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ میں ہدف سے زیادہ رقوم مختص کیں: وزیرِ خزانہ پنجاب


پنجاب کے وزیرِ خزانہ ہاشم جواں بخت کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے خطیر رقم رکھی گئی ہے، ہم نے بجٹ میں ہدف سے زیادہ رقوم مختص کیں۔

لاہور میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے کہا کہ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں 25 سے زائد سروسز کو رعایت دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مزید 10 سروسز کو 16 سے 5 فیصد تک لے کر آئے ہیں، بجٹ میں ہماری ترجیحات صحت، تعلیم اور پبلک ورکس پروگرام ہیں۔

ہاشم جواں بخت کا کہنا ہے کہ زراعت کے شعبے کیلئے بجٹ میں خصوصی رقوم مختص کی گئی ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ پنجاب کے بجٹ میں 4 گنا زیادہ رقوم مختص کی گئی ہیں۔

پنجاب کے وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے جولائی میں 100 ارب سے زائد کے فنڈز جاری کر دیں گے، اللّٰہ تعالیٰ اپوزیشن کو بھی بجٹ پڑھنے کی توفیق دے۔

انہوں نے کہا کہ مثبت گروتھ اور تحریکِ انصاف کے منشور کے مطابق بجٹ دیا گیا، جی ڈی پی گروتھ کا نمبر 3 اعشاریہ 4 فیصد ہے، اگلے سال ہم اس کو 4 پر لے کر جائیں گے۔

ہاشم جواں بخت نے کہا کہ 15 ملین گھرانوں کو ان حالات میں احساس پروگرام کے تحت معاشی سپورٹ دی، مہنگائی کو قابو رکھنے کے لئے گندم کی قیمت 1400 سے 1800 روپے تک کی۔


انہوں نے بتایا کہ آٹے پر 1 سال کے اندر 80 ارب روپے کی سبسڈی دی جس کی وجہ سے آٹا اپنی مقرر کردہ قیمت پر برقرار ہے۔

وزیرِ خزانہ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں اس سے بڑا ترقیاتی بجٹ نہیں رکھا گیا، پنجاب میں آٹے کا تھیلا 860 روپے سے زیادہ نہیں بڑھا، ادارہ شماریات نے بھی اس کی تصدیق کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا فوکس ہے کہ خطِ غربت سے نیچے افراد کو ہر طرح کا تحفظ دیں گے، ہم 3 سال سے منتظر تھے کہ ہم کوالٹی گروتھ کے ساتھ اگلے اقدامات کو بڑھائیں۔

ہاشم جواں بخت کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے کورونا وائرس کی ویکسین کے لیے 10 ارب روپے رکھے ہیں، پنجاب میں آج بھی 100 ارب روپے کی سرکاری زمین فروخت کرنے کے لیے موجود ہے۔

تازہ ترین