• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: الٰہ دین پارک میں تجاوزات آپریشن، ہنگامہ، کئی زخمی


سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی کے راشد منہاس روڈ پر واقع الہٰ دین پارک اور پویلین اینڈ کلب میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے۔

پولیس نے مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی اور ان پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ بھی کی جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔

تجاوزات آپریشن کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کر دیا۔


پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کی گئی۔

لاٹھی چارج اور پتھراؤ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

ہنگامہ آرائی کے باوجود محکمہ انسدادِ تجاوزات نے ہیوی مشینری کے ذریعے تجاوزات کو گرانا شروع کر دیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق راشد منہاس روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران نیپا سے جوہر موڑ جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹریفک کو نیپا سے حسن اسکوئر کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر کے ایم سی طارق صدیقی کا کہنا ہے کہ پویلین اینڈ کلب اور شاپنگ مال کو مسمار کرنا ہے، جو غیر قانونی طور پر تعمیر کیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پویلین اینڈ کلب اور دکانیں 12 ایکٹر سے زائد کے رقبے پر تعمیر ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کروانا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ انسدادِ تجاوزات بشیر صدیقی کے مطابق دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے، تاہم عدالتی احکامات کی تعمیل کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے مزید نفری طلب کی ہے، الہٰ دین پارک اور اطراف میں آپریشن کے لیے ہیوی مشینری بھی موجود ہے۔

بعد ازاں محکمہ انسدادِ تجاوزات نے الہٰ دین پارک کے شاپنگ سینٹر اور پویلین اینڈ کلب کی عمارتیں گرانے کی کارروائی شروع کی۔

سپریم کورٹ کے احکامات پر الہٰ دین پارک اور پویلین اینڈ کلب میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ریسٹورنٹ کو خالی کر کے اس میں موجود سارا سامان ٹرک میں منتقل کر دیا گیا۔

تازہ ترین