پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کو بالی ووڈ سے زیادہ اوپن مائنڈڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں شادی اور ماں بننے کے بعد بھی اداکاراؤں کو ہیروئن کے طور پر قبول کیا جاتا ہے۔
فرحان سعید اپنی آنے والی عید ریلیز فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں، اس سلسلے میں وہ مختلف ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیا پلیٹ فارمز پر انٹرویوز دے رہے ہیں۔
حال ہی میں فرحان سعید نے ایک یوٹیوب شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں خواتین اداکاراؤں کے حوالے سے بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں جس میں پوچھا گیا کہ اگر کوئی عمر رسیدہ ہیرو نوجوان اداکارہ کے ساتھ نظر آئے تو اعتراض نہیں ہوتا لیکن اگر بڑی عمر کی اداکارہ کسی کم عمر اداکار کے ساتھ اسکرین پر آئے تو تنقید ہوتی ہے، فرحان سعید نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستانی میڈیا انڈسٹری دنیا کی کئی بڑی انڈسٹریز سے بہتر ہے، پاکستان میں بہت سی ہیروئنز نے ماں بننے کے بعد اپنے کیریئر کا آغاز کیا، اس معاملے میں ہم ہالی ووڈ سے بھی آگے ہیں، ہمارے پڑوسی ملک میں شادی کے بعد اداکاراؤں کو ریٹائر سمجھ لیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں ایسا نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ناظرین شادی شدہ اور بچوں والی اداکاراؤں کو بھی بھرپور پذیرائی دیتے ہیں، یہاں دادی بننے والی خواتین بھی ہیروئن کے کردار ادا کر رہی ہیں، ہر عمر کی اپنی ایک کہانی ہوتی ہے اور سب کچھ کہانی پر منحصر ہوتا ہے۔