• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:بیشتر سینٹرز میں کورونا ویکسین ختم


کراچی کے متعدد ویکسی نیشن سینٹرز میں انسدادِ کورونا ویکسین کی قلت کا سامنا ہے، ذرائع کا بتانا ہے کہ محکمہ صحت کے 90 سینٹرز میں سے بیشتر ایسے ہیں جہاں ویکسین ختم ہوچکی ہے۔

ضلع وسطی اور کورنگی کے متعدد چھوٹے سینٹرز میں ویکسین کی قلت ہے، جنوبی، شرقی اور غربی کے بھی متعدد چھوٹے سینٹرز میں ویکسین کی قلت کا سامنا ہے۔

کراچی کے ضلع شرقی میں 26، غربی میں 13، ضلع وسطی میں 13، ضلع ملیر میں 8، کورنگی میں 8، ضلع جنوبی میں 22 ویکسی نیشن سینٹرز موجود ہیں۔


ذرائع محکمہ صحت کے مطابق متعدد ویکسی نیشن سینٹرز میں سنگل ڈوز پاک ویک کی قلت کا سامنا ہے۔

سائینو فارم ویکسین صرف سیکنڈ ڈوز کے لیے مختص ہے، سائینو ویک اور اسٹرازینیکا کی بھی قلت ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے ذرائع نے بتایا کہ کراچی کے چھوٹے سینٹرز سے کورونا ویکسین بڑے سینٹرز میں منتقل کی گئی ہے۔


محکمہ صحت سندھ کے ذرائع کے مطابق سندھ میں پاک ویک ویکسین کی صرف 12 ہزار 299 ڈوزز، اسٹرازینیکا کی 50 ہزار 652 ڈوزز، سائینو ویک کی 65 ہزار 373 ڈوزز، سائینو فارم کی 1 لاکھ 69 ہزار سے زائد ڈوزز اور کین سائینو کی 31 ہزار سے زائد ڈوزز موجود ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے ذرائع نے بتایا کہ 16جون کو 1 لاکھ 1 ہزار 194 افراد کو ویکسین لگائی گئی، 17 جون کو 55 ہزار 7 سو 28 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔

محکمہ صحت سندھ کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 46 ہزار 133 افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک جبکہ 9 ہزار 6 سو 15 افراد کو دوسری خوراک دی گئی۔

تازہ ترین