قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں کورونا ویکسین کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے، کورونا ویکسین کا فی الفور بندوبست کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چند لاکھ ڈوز منگوانے اور خیراتی ویکسین سے کام چلانے کی چھوٹی سوچ تبدیل کی جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین کی عدم دستیابی حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے۔
ن لیگ کے صدر نے یہ بھی کہا کہ آٹا، چینی، دوائی کے معاملے پر مفاد پرستوں نے جیبیں بھریں، کورونا ویکسین میں بھی یہی دہرایا جارہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی چوری، نااہلی اور بدانتظامی کی سزا عوام کو مل رہی ہے، 22 کروڑ عوام کو مد نظر رکھتے ہوئے کورونا ویکسین کی منصوبہ بندی کی جائے۔