وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے صرف خیبر پختونخوا میں 8 لاکھ ایکڑ سے زائد بنجر اراضی قابل کاشت بنائی ہے۔
ایشیا پیسفک بی آر آئی کانفرنس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود سرسبز و شاداب اقتصادی مہم شروع کی، جس کے تحت 85 ہزار اضافی روزگار کے مواقع فراہم کیے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے تحت خیبر پختونخوا میں 8 لاکھ ایکڑ سے زائد بنجر اراضی کو قابل کاشت بنایا اور ساحلی علاقوں میں مینگروز کے رقبے میں نمایاں اضافہ کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا وائرس کے دوران ایک کروڑ گھرانوں کو نقد امداد پہنچائی، غریب گھرانوں کو 203 ارب روپے فراہم کیے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے رکن ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ حاصل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں تک کورونا ویکسین کی رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں کو ترقی پذیر ملکوں کے لیے آسان شرائط پرقرض دینے چاہئیں، چین نے مشکل حالات میں آگے بڑھ کر ہماری معاونت کی، جس پر ہم شکرگزار ہیں۔