بھارت کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے ’انڈیا‘ کو تبدیل کر کے ملک کا نام پوری طرح سے بھارت کرنے کا مطالبہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں لفظ ’انڈیا‘ سے چھٹکارا پانا ہوگا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر جاری اپنی ایک اسٹوری میں لکھا کہ ’بھارت کو انڈیا کا نام انگریزوں نے دیتے ہوئے ایک غلام ملک قرار دیا تھا۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ہمارا ملک تب ہی ترقی کرے گا جب اس کا نام بھارت کیا جائے گا، اور جب اپنی روحانیت اور جڑوں سے جُڑا رہے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انگریزوں کا دیا گیا نام تبدیل کر کے اسے بھارت پکارا اور لکھا جائے۔
اپنی اسٹوری میں اداکارہ نے بھارت کا مطلب لکھتے ہوئے بتایا کہ یہ سنسکرت کے تین لفظوں سے مل کر بنا ہے۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت آئے روز اپنے متنازع بیانات کے باعث خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔