• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف بتائیں کس سے خطرہ ہے، تحفظ دینگے، حکومت

لاہور(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)وفاقی حکومت نے کہاہے کہ نواز شریف بتائیں انہیں کس سے جان کا خطرہ ہے ‘حکومت تحفظ فراہم کریگی ‘ نواز شریف اب لندن میں نہیں رہ سکتے ‘سب جان گئے ہیں وہ بیمار نہیں ۔ان خیالات کا اظہار مشیر احتساب بیرسٹر شہزاداکبر ‘وزیرمملکت فرخ حبیب اور مشیر پارلیمانی امورڈاکٹربابراعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نےکہا ہےکہ نواز شریف بیمار نہیں تندرست ہیں ‘وہ خود کو عدالت کے سامنے پیش کریں‘ اگر عدالت نوازشریف کو بری کردے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، نواز شریف ہمیں بتائیں انہیں کس سے جان کا خطرہ ہے ہم انہیں تحفظ دیں گے، نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی بھی دینا پڑی تو دیں گے وہ پاکستان آئیں۔شہزاد اکبر نےکہا کہ نواز شریف نےصحت کی بنیاد پر برطانیہ میں قیام کی توسیع کامطالبہ کر رکھا ہے،برطانیہ نوازشریف کو ڈی پورٹ کرے تو ان کے پاس اپیل کاحق ہوگا۔ مشیر احتساب کا کہناتھاکہ نوازشریف کو لانےکے لیے برطانوی حکومت سے دوبارہ رابطہ کیا ہے، ہم نے برطانیہ کوبتا دیاہےکہ نواز شریف سزایافتہ ہیں۔دریں اثناءڈاکٹربابر اعوان کا کہنا ہے کہ نواز شریف لندن میں بھی سرنڈر کردیں یا قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دیں۔ اب یہ طے شدہ وقت میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرسکتے ہیں، ایسا نہیں ہوتا کہ ملزم کی خواہش کے مطابق عدالتیں فیصلہ کریں۔نواز شریف لندن میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں، اپیلیں خارج ہونے کے بعد نواز شریف کا برطانیہ میں رہنا بھی مشکل ہوجائے گا۔صورت حال واضح اور سب کے سامنے آچکی کہ وہ جان بوجھ کر بھاگے ہیں،نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے قانون اور اداروں کا منہ چڑا رہے ہیں، مریم نواز نے 100 فیصد واضح کردیا کہ وہ فراڈ کرکے باہر گئے تھے، شہباز شریف کے خلاف ایکشن نہ ہونا احتساب کے عمل پر سوالیہ نشان ہے۔ادھروزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ گزشتہ روز مریم صفدر نے خود اعتراف کرلیا کہ نواز شریف صحت مند ہیں اور بیمار نہیں ہیں،علاج کا بہانہ بنا کر جھوٹ اور دھوکا دہی سے کرپشن میں سزا یافتہ مجرم ملک سے باہر چلا جاتا ہے۔

تازہ ترین