• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایندھن بحران کا خدشہ، پمپس کو پٹرول سپلائی بند، گھروں سے گیس غائب

کراچی ( سہیل افضل / اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسی) ملک بھر میں ایندھن بحران کا خدشہ، پمپس کو پٹرول سپلائی بند،گھروںسے گیس غائب، مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹینکرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات جمعہ کو متوقع ہیں لیکن اگر جمعہ کو بھی ڈیزل اور پٹرول کی سپلائی معمول پر نہیں آئی تو ملک کے60سے 70فیصد پمپ ڈرائی ہو جائیں گے

دوسری جانب فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، کورنگی،ناظم آباد،گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں میں5سے6گھنٹے غیر اعلانیہ گیس بندش سے خواتین کو کھانا پکانے میںشدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان آئل ٹینکرزکنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک گیرہڑتال کے پہلے روز ملک بھر میں تیل کی ترسیل بندرہی ، آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نےانکم ٹیکس ریٹ کے مسئلے پر ہڑتال کی اپیل کی تھی ، مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹینکرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات آج جمعہ کو متوقع ہیں لیکن اگرآج بھی ڈیزل اورپٹرول کی سپلائی معمول پر نہیں آئی تو ملک کے60سے 70فیصد پمپ ڈرائی ہو جائیں گے ،پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ چند تیل کمپنیوں نے (آج) جمعہ سے پٹرول سپلائی دینے سے معذرت کرلی ہے

پمپس کی جانب سے تیل آرڈرز نہیں لیے جارہے ،پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سمیع خان نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جمعہ کو بھی آئل ٹینکرز کی سپلائی معطل رہی توملک بھر میں ایندھن کا شدید بحران پیدا ہوجائے گا ، سی این جی اسٹیشن پہلے ہی 29جون تک بند ہیں

50سال میں پہلی باراس طرح کی صورتحال دیکھ رہا ہوں ،ایندھن کے شدید بحران کا خدشہ ہے لیکن حکومتی سطح پر کوئی اس جانب توجہ نہیں دے رہا،سمیع خان کا کہنا تھا کہ پہلے ہمیںیہ کہہ کر ایل این جی کا معاہدہ کیا کہ اس کے بعد آپ کو بلاناغہ گیس ملے گی لیکن معاہدے کے بعد بھی گیس کی لوشیڈنگ جاری ہے ۔

خبررساںادارے کےمطابق ہڑتالیوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں کاروبار کرنے سے قاصر ہیں، انکم ٹیکس کی شرح 3 سے کم کر کے 2 فیصد کی جائے، انکم ٹیکس ودہولڈنگ ریٹ 3.5 سے2.5 فیصد کیا جائے۔ مطالبہ ہے کہ انکم ٹیکس ود ہولڈنگ ایجنٹ ریٹ میں بھی ایک فیصد کمی کی جائے۔

تازہ ترین