اسلام آباد(محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار)پی ڈی ایم نے سکڑائو کا شکار ہونے کے بعد اپنی عوامی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں سوات کو اوّلین جلسہ عام کے لئے منتخب کیا گیا۔نئی پی ڈی ایم کی اُٹھان میں اس سے الگ ہوئیں دونوں جماعتوں کا گزر دکھائی نہیں دیتا۔
دس جماعتی اتحاد سے علیحدگی اختیار کرنے والی اے این پی کے گڑھ سے متصل علاقے کا پہلے جلسے کیلئے چنائو ظاہر کرتا ہے کہ وہ باور کرانے کی خواہاں ہے کہ کسی ایک یا دو جماعتوں کے راستے جدا کرنے سے پی ڈی ایم کے نظریئے کی مقبولیت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔
دُوسرے جلسہ عام کیلئے کراچی کا چنائو ہوچکا ہے جو پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کا دارالخلافہ ہے اور پیپلزپارٹی بھی پی ڈی ایم سے اپنا ناطہ تقریباً توڑ چکی ہے۔
بارش سے بُری طرح متاثر سوات کے وسیع و عریض میدان میں پُرجوش شرکا کی بھاری تعداد میں موجودگی سے اندازہ لگایا جا سکتا تھا کہ اس صوبے میں پی ڈی ایم کی قوت میں اضافہ ہوا ہے۔
حکومت پر سخت تنقید کے سوا اس بڑے جلسہ عام میں کوئی اَرض شکن اعلان سامنے نہیں آیا، مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف پہلی مرتبہ پی ڈی ایم کے کسی جلسہ عام میں شریک ہوئے اور اس سے خطاب کیا ان کی تقریر میں جوش خطابت کے باوجود زہرناکی نہیں تھی۔
نوازشریف کے وڈیو خطاب کی بھی طلب دیکھی گئی۔ سابق وزیراعظم مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور کے پی مسلم لیگ کے صدر انجینئر امیر مقام خان سے دُھواں دھار خطاب کی عوامی توقع پوری نہیں ہوئی۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نقاہت کے باوجود سیدھے جلسہ گاہ چلے آئے۔ان کی تقریر میں پشتو زبان غالب تھی۔ مولانا فضل الرحمٰن کے جملوں میں روایتی کاٹ برقرار تھی۔
سوات کو طالبان کے حوالے سے قابل لحاظ اہمیت حاصل ہے اور افغانستان میں رُونما ہو رہی صورت حال کے تناظر میں اس امر کی توقع کی جا رہی تھی کہ پی ڈی ایم افغان مسئلے کے سلسلے میں کوئی بڑا بیان جاری کرے گی ایسا نہیں ہوا۔ اپنے جوش و خروش اور عددی حاضری کے اعتبار سے سوات کا جلسہ حکومت کے لئے پریشان کن ضرور ہوگا تاہم اس میں اختیار کردہ لب و لہجہ ایسا نہیں تھا کہ اسے پی ڈی ایم کی نشاۃ ثانیہ سے تعبیر کیا جا سکے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس بھی آئندہ جمعرات کو بلا لی ہے جس میں انتخابی اصلاحات کے بارے میں غور و خوض ہوگا توقع ہے کہ حزب اختلاف انتخابی اصلاحات پر مبنی اپنی جامع تجاویز سامنے لائے گی اس مقصد کے لئے ماہرین کو اس کی ذمہ داری سونپ دی جائے گی یہ تقریباً طے ہے کہ حکومتی تجاویز کو یکسر مسترد کر دیا جائے گا۔
اس سے آئندہ مکالمے کے لئے شرط اوّل یہی ہوگی کہ وہ قومی اسمبلی سے خلاف ضابطہ منظور کرائے گئے مسودات سے دستبردار ہو جس کے بعد گفتگو شروع کرنے پر غور ہوگا۔ قومی اسمبلی کا ماحول بھی ملک کے مجموعی سیاسی حالات کے آئندہ رُخ کی نشاندہی کرے گا