• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

'دلیپ کمار ہندوستان اور پاکستان کو اکٹھا کر سکتے تھے'

لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار


لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار نے ناصرف برصغیر میں سلور اسکرین پر اپنی غیر معمولی اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ اس خطے کے ہندوؤں اور مسلمانوں کو اکٹھا کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔

سابق وزیر خارجہ، خورشید محمود قصوری کے مطابق دلیپ کمار نے دو دفعہ پاکستان کا دورہ کیا جبکہ وہ اپنے دورۂ بھارت پر اداکار سے ملنے ممبئی بھی گئے تھے۔

باندرا میں اداکار کی رہائش گاہ کے دورے کے بعد قصوری سے پوچھا گیا کہ وہ دلیپ کمار کے گھر کیوں رُکے۔

جس پر خورشید محمود قصوری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’دلیپ کمار صاحب نے ہندوؤں اور مسلمانوں کو اکٹھا کرنے کے لیے دو دفعہ خفیہ طور پر پاکستان کا دورہ کیا، انہوں نے اپنی کتاب (نیدر اے ہاک اور نور اے ڈوو) میں اس بات کا انکشاف کیا ہے۔

انہوں نے مزیدکہا تھا کہ ’وہ واحد انسان ہیں جو ہندوستان اور پاکستان کو اکٹھا کرسکتے ہیں، انہوں نے دلیپ کمار کو اپنی کتاب تحفے میں دی اور دلیپ کمار نے دستخط کر کے انہیں اپنی سوانح حیات تحفہ میں دی، اُن کے نزدیک اس دستخط شدہ کتاب کی بڑی اہمیت ہوگی، وہ دلیپ صاحب کی طویل اور صحت مند زندگی کے متمنی ہیں۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

تازہ ترین