• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آزاد ملک ہے، جو دل چاہے کریں: یاسر کا بشریٰ انصاری کو مشورہ

فلم و ٹی وی انڈسٹری کے متنازع اداکار یاسر حسین نے ڈانس ویڈیو کی وجہ سے تنقید کا شکار ہونے والی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے لہٰذا آپ کا جو دل چاہے، آپ وہ کریں۔

یاسر حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری میں بشریٰ انصاری کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔

اداکار نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بشریٰ انصاری سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کا جو دل چاہتا ہے، آپ وہ کریں کیونکہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ ایک لیجنڈ ہیں اور کافی لوگ ہیں جو تنقید کرتے ہیں اور منفی تبصرے کرتے ہیں۔‘

یاسر حسین نے مزید لکھا کہ ’آپ ناقدین کی پراہ نہ کریں، خوش رہیں اور ہم آپ سے بہت محبت کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بشریٰ انصاری کی اذان سمیع کے ساتھ شادی کی ایک تقریب میں ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد اداکارہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ناقدین کی تنقید سے تنگ آکر بشریٰ انصاری نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا کہ میں گزشتہ 3 ماہ سے شدید غم میں مبتلا ہوں، اور شاید یہ غم ہماری آخری سانسوں تک ہمارے ساتھ رہے گا۔


بشریٰ انصاری نے کہا تھ کہ گزشتہ دنوں فیملی کی ڈھولکی میں مجھ سے میرے دوستوں نے اصرار کیا کہ میں اب اس دُکھ اور غم سے نکلوں، سلطانہ صدیقی میری رہنما اور ماں کا درجہ رکھتی ہیں لہذا ان کی خوشی میں شامل ہونے کیلئے اور ڈھولکی میں اپنی موجودگی ظاہر کرنے کے لیے 2 منٹ اذان سمیع کیساتھ ڈانس کیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس معاملے پر لوگوں نے جو تنازع کھڑا کیا ہے اس نے مجھے شدید رنجیدہ کردیا ہے، ہمارے معاشرے میں ایسا کیوں سوچا جاتا ہے کہ ایک خاتون 50 برس کی ہوگئی ہے تو وہ اپنے دل کی نہیں سُن سکتی، جو اس کا دل چاہتا ہے وہ نہیں کرسکتی۔

تازہ ترین