بالی وڈ اداکارہ اور سیاستدان ارمیلا ماٹونڈکر نے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار پر تنقید کرنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ارون یادو کو کھری کھری سُنا دی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ارون یادو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’دلیپ کمار نے صرف فلمی دُنیا میں شہرت اور پیسہ کمانے کے لیے ہندو نام کا استعمال کیا۔‘
بی جے پی رہنما نے لکھا کہ ’دلیپ کمار کے انتقال سے بھارتی فلم انڈسٹری کو نقصان پہنچا ہے۔‘
آخر میں اُنہوں نے دلیپ کمار کے اہلخانہ اور عزیزوں سے اُن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
بی جے پی رہنما کے اس نفرت انگیز ٹوئٹ پر جہاں دلیپ کمار کے مداحوں نے سخت الفاظ میں ردّعمل دیا تو وہیں بالی ووڈ اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر بھی خاموش نہ رہیں۔
ارمیلا ماٹونڈکر نے بی جے پی رہنما کے ٹوئٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو شرم آنی چاہیے۔‘
خیال رہے کہ ارمیلا ماٹونڈکر فلم’جدائی‘، ’جانم سمجھا کرو‘، ’دل لگی‘، ’رنگیلا‘، ’مست‘ سمیت بالی ووڈ کی متعدد سُپر ہٹ فلموں میں کام کرچکی ہیں۔
ارمیلا ماٹونڈکر آخری بار 13 سال قبل 2008ء میں ہمیش ریشمیا کے ساتھ فلم’قرض‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں جبکہ سال 2018 میں اُنہوں نے فلم ’بلیک میل‘ میں آئٹم نمبر کیا تھا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کرگئے، وہ گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے۔