• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں اور دلیپ کمار ایک ہی اسپتال میں داخل تھے: نصیرالدین شاہ

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور دلیپ کمار ایک ہی اسپتال میں داخل تھے جہاں سائرہ بانو نے اُن کی عیادت بھی کی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اسپتال سے ڈسچارج ہوجانے والے بالی ووڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے انکشاف کیا کہ وہ اور دلیپ کمار ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

نصیرالدین شاہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’ممبئی کے جس اسپتال میں دلیپ کمار اپنے انتقال سے قبل داخل تھے، میں بھی اتفاق سے وہیں اپنے علاج کے لیے داخل ہوا تھا۔‘

بھارتی اداکار نے کہا کہ ’سائرہ بانو میری عیادت کے لیے میرے پاس آئیں تھی، اُنہوں نے میرے سر پر ہاتھ رکھا اور مجھے تندرستی کی دُعا دی۔‘

 نصیر الدین شاہ نے کہا کہ ’سائرہ بانو نے مجھ سے کہا کہ دلیپ صاحب آپ سے ملنا چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم آخری ملاقات نہیں کرسکے۔‘

واضح رہے کہ دلیپ کمار سانس میں دشواری کے باعث 30 جون کو ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں داخل ہوئے تھے اور اتفاق سے اُن کے بعد نصیرالدین شاہ بھی نمونیا کی تشخیص کے بعد اُسی اسپتال میں داخل ہوگئے تھے۔

نصیرالدین شاہ کو 7 جولائی کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا جبکہ دلیپ کمار بھی اُسی دن انتقال کرگئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی۔

وہ گزشتہ کئی سال سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

تازہ ترین