• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، بھارت یا آزادی، کشمیریوں کیلئے 2 ریفرنڈم، پہلے میں پاکستان یا بھارت ایک کا انتخاب، دوسرے میں پاکستان یا آزادی کا چناؤ، عمران خان

اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ریفرنڈم ہوگا،عمران خان


مظفر آباد / تراڑ کھل (نمائندہ جنگ / اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں 2؍ ریفرنڈم کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلا ریفرنڈم اقوام متحدہ کے تحت ہوگا جس میں کشمیری عوام پاکستان یا بھارت کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کریں گے جبکہ ہماری حکومت میں ہونے والے دوسرے ریفرنڈم میں وہ پاکستان کے ساتھ الحاق یا آزاد ریاست کے طور پر رہنے کا چناؤ کریں گے۔ 

آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی بات کہاں سے آئی مجھے علم نہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام حوصلہ نہ ہاریں، صبر کرلیں حق ملکر رہے گا، آزاد کشمیر میں حکومت اور الیکشن کمیشن ن لیگ کا ہے ہم کیسے دھاندلی کرسکتے ہیں، انتخاب ہارنے کے بعد یہ دھاندلی کا رونا روئیں گے، دو پرانی جماعتوں کے لوگوں نے عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ 

دونوں کی حکومت میں ڈرون حملے ہوتے تھے، مودی پاکستان کو دہشت گرد کہتا تھا اور اس وقت کا ملک کا وزیراعظم اسے شادیوں میں بلاتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے علاقے تراڑ کھل میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کشمیر کے ہر خاندان کے ایک فرد کو بلاسود قرضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ 

خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے بے حد قربانیاں دیں اور کشمیر کے لوگ بار بار اپنی آزادی کے لیے کھڑے ہوئے ، پورا یقین ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی، کہا جارہا ہے کہ میں آزاد کشمیر کو صوبہ بنانا چاہتا ہوں یہ بات کہاں سے آئی اس کا علم نہیں۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ریفرنڈم ہوگا اور کشمیری فیصلہ کریں گے کہ انہوں نے کس کے ساتھ رہنا ہے، کشمیری اپنا فیصلہ خود کریں گے کہ وہ بھارت کے ساتھ نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اس کے بعد میری حکومت ایک اور ریفرنڈم کروائے گی کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا آزاد، ابھی سے الیکشن میں دھاندلی کا شور مچایا جارہا ہے، ن لیگ نے آج تک کوئی کام ایمانداری سے نہیں کیا، آزاد کشمیر میں آپ کی حکومت ہے، عملہ آپ کا ہے، الیکشن کمیشن آپ کا اور آپ کی پسند کا ہے، تو دھاندلی ہم کیسے کریں گے، پورا یقین ہے الیکشن ہارنے کے بعد ن لیگ دھاندلی کا رونا روئے گی۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ جم خانہ کلب میں ایک موٹا ساآدمی میچ کھیلنے آگیا اس کا نام نوازشریف تھا، اس نے جس طرح کی سیاست کی اسی طرح کی کرکٹ تھی، وہ جب میچ کھیلنے آتا تھا تو اپنے ایمپائر لے کرآتے تھے، جب نوازشریف آؤٹ ہوتا تھا تووہ ایمپائر نو بال کردیتے تھے۔

ان کے لیے صرف وہ ٹھیک ہوتا ہے جب ان کا اپنا ایمپائر ہو، میں کرکٹ کی دنیا میں نوٹرل ایمپائر لے کرآیا، ہم ایک سال سے کہہ رہے ہیں الیکشن سسٹم ٹھیک کریں، لیکن اپوزیشن کوئی جواب نہِیں دیتی، ٹیکنالوجی میں فوری رزلٹ آجاتا ہے ،ووٹ چوری نہیں ہوتے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پچھلی حکومتوں کا دور دیکھ لیں اور ہمارا دور دیکھ لیں، نواز شریف نے مودی کو شادیوں پر بلایا، زرداری کو پیسہ بنانے سےوقت ملتا توکشمیر کی بات کرتا، کشمیر کمیٹی پر ایک ڈیزل بیٹھا تھا۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں،تنویر الیاس اور سردار فہیم اختر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیانے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیر کو مثالی ریاست بنائیں گے، طالب علموں کو وظائف دیں گے، کشمیری عوام کی وزیراعظم عمران خان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں اقتدار کے بعد کشمیر بدلے گا، کشمیریوں کو مکمل کشمیر ملے گا جو ان کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ 

انتخابی جلسہ میں وزیراعظم عمران خان کی سوچ و فکر کے باعث یہ لوگ اکٹھے ہوئے ہیں، 25 جولائی کو انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیر کو مثالی ریاست بنائیں گے، غریبوں میں راشن کارڈ جاری کریں گے ، وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر ہیں۔ 

تازہ ترین