• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا: آزاد کشمیر الیکشن، 2 حلقوں کی پولنگ کے انتظامات مکمل


خیبر پختونخوا میں آزاد کشمیر انتخابات کے 2 حلقوں کے لیے 7 ہزار سے زیادہ ووٹرز حق رائے دہی کل استعمال کریں گے۔

جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، 2 نشستوں پر 17 امیدوار میدان میں ہیں۔

خیبر پختونخوا میں آزاد کشمیرعام انتخابات کے 2 حلقوں ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 اور ایل اے 39 جموں کے لیے پولنگ کل ہوگی، پولنگ کے لیے انتخابی مواد کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا سے 7450 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 65 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے۔

پشاور میں ووٹرز کی کل تعداد1381ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 746 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 635 ہے۔

پشاور میں3 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، 400 سے زیادہ اہلکار پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

حلقہ ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی سمیت 4 امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں جبکہ حلقہ ایل اے 39 جموں 6 میں 13 امیدوار میدان میں ہیں۔

تازہ ترین