• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بری: خاتون کی آگ سے ہلاکت، تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا

بری( نمائندہ جنگ) گریٹر مانچسٹر پولیس ایسٹ سٹریٹ بری میں ایک 31سالہ عورت کی آگ لگنے سے ہلاکت پر سرگرمی سے تفتیش کر رہی ہے - یادرہے کہ عورت جب گھر سے باہر نکلی تو وہ چلاّ رہی تھی اور اس کا جسم شعلوں کی لپیٹ میں تھا - ہمسایوں نے اس کی مدد کی کوشش بھی کی، جبکہ فائر بریگیڈ نے بھی موقع پر پہنچ کراس کی جان بچانے کی کوشش کی ،تاہم کوششوں کے باجود متاثرہ عورت کو نہ بچایا جاسکا- پولیس نے قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور اب تک 34,24, 26 سال کے تین افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شام ساڑھے سات بجے پولیس کواطلاع ملی کہ ایسٹ سٹریٹ بری میں ایک عورت کو آگ لگی ہوئی ہے جو گلی میں مدد کےلئے پکار رہی ہے - ایک ہمسائی نے بتایا کہ اس نے گلی میں چیخوں کی آواز سنی - میں نے باہر نکل کر جو منظر دیکھا تو میں دہل کر رہ گئی کیونکہ میں نے زندگی میں ایسا کوئی واقعہ نہیں دیکھا - متاثرہ عورت سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہی تھی اور اس کے جسم کا کوئی حصہ ایسا نہ تھا جہاں آگ نہ لگی ہو-لوگوں نے سرہانوں اورکشنوں کی مدد سے متاثرہ عورت کی مدد کی کوشش کی لیکن کچھ بھی کام نہ آسکا- محلے داروں کا کہنا ہے کہ لڑکی کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی -پولیس ایسٹ سٹریٹ کے گھر گھرجا کر اس قتل کی تفتیش کر رہی ہے - ڈپٹی پولیس انسپکٹر ڈانئیل کلیگ کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت افسوسناک واقعہ ہے جس میں ایک عورت کی المناک موت واقع ہوئی ہے - میں عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ اپنی نوعیت کا واحد واقعہ ہے اور ہم نے اس موت کے بعد علاقے میں ایمرجنسی سروسز کو متحرک کر دیا ہے جبکہ ہم سرگرمی سے اس کیس کی وجوہات اورواقعہ کے اصل مجرموں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں - انہوں نے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص اس واقعہ کے بارے میں کوئی معلومات رکھتا ہے تو سامنے آ کر ہماری مدد کرے - گو ہم نے دوران تفتیش چند لوگوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے- تاہم ہماری تفتیش ابھی تک ابتدائی سٹیج پر ہی ہے اور ہو سکتا ہے کہ اس کے بعد مزید گرفتاریاں بھی کرنی پڑیں -
تازہ ترین