• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادکشمیر الیکشن، مارکٹائی، فائرنگ،PTI کے دو کارکن ہلاک، چھوٹے موٹے واقعات ہوئے، چیف الیکشن کمشنر

کوٹلی (ایجنسیاں‘جنگ نیوز)آزادکشمیر میں عام انتخابات کےد وران تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں تحریک انصاف کے دو کارکن ہلاک ہوگئے ‘چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر سردار عبدالرشید سلہریا کا کہناہے کہ انتخابات مجموعی طور پر پرامن رہے، کچھ مقامات پر چھوٹے موٹے واقعات ہوئے ہیں ‘کوٹلی واقعہ میں جانی نقصان پر دکھ ہے۔ 

انتظامیہ کوملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔دریں اثناءالیکشن کے دوران کراچی ‘گوجرانوالہ ‘ سیالکوٹ اورپشاورمیں بھی ووٹنگ کے دوران تلخی ‘تکرار اور ہاتھاپائی کے واقعات ہوئے ‘ گوجرانوالہ پولیس نے پولنگ اسٹیشن کے باہر لگایاگیا ن لیگ کا انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا ۔

گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر دو میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ڈپٹی کمشنر نے ن لیگ اور مسلم کانفرنس کے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا ۔تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ کوٹلی ایل اے12چڑھوئی میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں پی ٹی آئی کے دوکارکن جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ۔ 

ناڑ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے مابین فائرنگ سے 40 سالہ ظہیر احمد اور زخمی ہونے والے 50 سالہ محمد رمضان جاں بحق ہوگئے۔

ہلاک شدگان کا تعلق سیاسی جماعت پی ٹی آئی سے تھا۔پیپلزپارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر تاج حیدر نے آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو معاملے کی تحریری شکایت جمع کرادی ہے۔پیپلز پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی حلقے ایل اے 18 کے منڈہول بل بازار کے پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کارکنان نے قبضہ کرکے بیلٹ پیپر پر مہر لگائی ہیں۔

الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو واقعے کی تحریری شکایت جمع کرادی ۔ 

انہوں نے بتایا کہ انتخابی حلقے ایل اے 30 میں پیپلزپارٹی کے چیف پولنگ ایجنٹ ضرار خان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کارکنان دو روز قبل پی پی پی کارکن ضرار خان کے گھر پر بھی فائرنگ کرچکے ہیں۔

تازہ ترین