• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممنوعہ اشیاء برآمد‘کوئٹہ ‘حب اور ڈیرہ مراد جمالی میں متعدد مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ کے مختلف علاقوں سمیت ڈیرہ مراد جمالی اور حب سٹی میں اشیاء خوردونوش کے مراکز کے معائنے و کارروائیوں کے دوران متعدد مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ ڈیرہ مراد جمالی میں زونل ڈائریکٹر امداد علی کی سربراہی میں بی ایف اے حکام نے دو ہوٹلوں کو کچن میں گندگی و مجموعی طور پر صفائی کے ناقص انتظامات اور کھانوں میں ممنوعہ چائنیز نمک و غیر معیاری و مضر صحت فوڈ کلرز کے استعمال جبکہ ایک بیکنگ یونٹ کو پرو ڈکشن میں ناقص اجزاء استعمال کرنے اور خراب مٹھائیوں کی برآمدگی پر جرمانہ کیا،دوران معائنہ بر آمد ہونے والی باسی وخراب مٹھائیوں کو موقع پر تلف کر دیا گیا ۔کوئٹہ کے علاقوں نواں کلی اور کلی الماس ائیرپورٹ روڈ پر مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک بیکنگ پلانٹ کو اشیاء کی ناقص اسٹوریج ، مٹھائیوں میں مکھیوں کی موجودگی اور کپڑے رنگنے والے کلرزکے استعمال جبکہ ایک پکوان ہاؤس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔علاوہ ازیں زونل ڈائریکٹر قلات زون سجاد علی نے حب سٹی میں فوڈ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ انجمن تاجران کے نمائندوں اور دکانداروں سے ملاقات کی اور انہیں عوام کو فراہم کی جانے والی اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت فراہم کردہ ایس او پیزکے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
تازہ ترین