پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار یعنی بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ حمیمہ ملک نے کہا ہے کہ اپنی بیٹیوں کو یہ سِکھائیں کہ اُنہیں ہراساں کرنے والے درندوں کو سرِعام کیسے تھپڑ مارنا ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر حمیمہ ملک نے ملک کی موجودہ صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’گول روٹی سیکھنے کا انتظار کرسکتے ہیں کیونکہ سب سے اہم چیز خود کی حفاظت کرنا ہے۔‘
اس سے قبل حمیمہ ملک نے اسلام آباد میں قتل کی جانے والی سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کی موت پر ایک دلخراش پیغام میں انکشاف کیا تھا کہ وہ بھی بدسلوکی کے صدمے سے گزر چکی ہیں۔
نور مقدم کے قتل سے متعلق انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’آج اس واقعے کو پورے آٹھ روز گزر چکے ہیں اور میں کچھ چاہ کر بھی نہیں بول سکی ہوں، کیونکہ میرے دل اور دماغ نے اجازت ہی نہیں دی تھی اور نہ ہی مجھ میں اتنی ہمت تھی کہ میں اپنے جذبات کو الفاظ میں ڈھال سکوں۔‘
حمیمہ نے لکھا تھا کہ ’عورت ہونے کے ناطے میں بھی اس بدسلوکی کا شکار رہی ہوں اور اس صدمے کو سمجھ سکتی ہوں، یہ صدمہ آپ کو اندر ہی اندر ختم کردیتا ہے لیکن پھر بھی زندہ رہنے کی کوشش ہوتی ہے۔‘
خیال رہے کہ ملک بھر میں جنسی زیادتی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں افسوسناک واقعات سامنے آرہے ہیں۔
اس ضمن میں عام عوام سمیت شوبز ستارے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی آواز بُلند کرتے نظر آرہے ہیں۔