• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں جزوی لاک ڈاؤن، 8 اگست تک تمام بازار ،انٹر سٹی ٹرانسپورٹ اور سرکاری و نجی دفاتر بند، امتحانات ملتوی، فیصلے مجبوری ہیں، مراد علی شاہ

سندھ میں جزوی لاک ڈاؤن


کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)سندھ میں جزوی لاک ڈاؤن،8 اگست تک تمام بازار، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اور سرکاری و نجی دفاتر بند، امتحانات ملتوی،بینک، بندرگاہ، پیٹرول پمپس ، اسٹاک ایکسچینج ، کریانہ، بیکری، سبزی، تندور ، گوشت کی دکانیں اورصحت سے متعلق شعبے کھلے رہیں گے، ریسٹورنٹ سے صرف ڈیلیوری کی اجازت،ڈبل سواری پر پابندی، صحافی، بزرگ، خواتین مستثنیٰ۔

مراد علی شاہ نےکہاہےکہ فیصلے مجبوری ہیں، NCOC کے سربراہ اور ڈاکٹر فیصل نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے مکمل تعاون و مدد کی یقین دہانی کرائی ہے،ادھر وفاقی وزیر فواد چوہدری کاکہناتھاکہ کسی صوبے کو NCOC کے بغیر فیصلے کی اجازت نہیں۔

ادھر ملک بھر میں کورونا کی ہلاکت خیزیوں میں شدت، 86 افراد جاں بحق، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں بھی مثبت کیسز بڑھ گئے، کئی شہروں میں اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیاگیا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہاہےکہ ہم نے8 اگست تک لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں کورونا کیسز زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں اگر اسے روکا نہ گیا تو ڈیلٹا ویریئنٹ مزید پھیلےگا،اگر وائرس کے پھیلاو کو روکا نہ گیا تو اگلے5روز میں اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوجائےگی، اسدعمر اور فیصل سلطان سےبات کی اور انہیں فیصلوں پر اعتماد میں لیا ہے کہ لاک ڈائون کو کامیاب کرنے میں ہماری مدد کریں۔

انہوں نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،انشااللہ 9اگست کو ہم پابندیاں ہٹانےکی پوزیشن میں ہونگے، اگر شہریوں نے مدد کی تو بہتر نتائج آئیں گے،ہمیں تھوڑی بہت قربانی دینی ہوگی، برآمدی صنعتوں کو کھلا رکھا جائےگا، بینکوں کو کم ازکم اسٹاف کےساتھ کھلا رکھنے کیلئے لکھیں گے، اسٹاک ایکسچینج اور کراچی پورٹ کھلا رہےگا، کریانہ اسٹور میڈیکل اسٹور، پیٹرول پمپس، سبزیاں، ٹھیلے وغیرہ اور روٹی کے تندور کھلے رہیں گے۔ 

ریسٹورینٹس میں صرف ڈیلیوری کی اجازت ہوگی، ٹیک اووے بھی نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ نے کل سے ہونے والے تمام امتحانات ایک ہفتے کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ امتحانات کو بھی آگے بڑھانے کیلئے کہا ہے، اگلے ہفتے امتحانات نہیں ہوں گے۔

علاوہ ازیں محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں لاک ڈائون کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جو 31جولائی سے8اگست تک نافذ العمل رہے گا،محکمہ داخلہ کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی اور انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی تاہم بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی۔

سماجی مذہبی سیاسی اجتماعات تقریبات پر پابندی ہوگی ،تعلیمی ادارے کوچنگ سینٹر بند رکھے جائیں گے ،کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی،9روز کےلئے سندھ میں شیڈول تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں، ریسٹورنٹ سے صرف ہوم ڈیلیوری ہوگی،گوشت سبزی، دودھ، کریانہ اسٹور، بیکری صبح 6سے شام 6 بجے تک کھلیں گی۔

شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری طور پر نکلنے پر پابندی ہوگی ،کار میں دو سے زائد افراد سفر نہیں کرسکیں گے،موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی تاہم صحافی، بزرگ، خواتین مستثنیٰ ہونگے،گھر سے باہر نکلنے والے ہر شخص کے لئے ماسک پہننا اور شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہوگا،محکمہ داخلہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کوئی بھی شہری اشد ضرورت کے تحت ہی گھر سے باہر نکل سکے گا۔

ناگزیر مذہبی رسومات بشمول نماز جنازہ اور تجہیز و تدفین کے موقع پرایس او پیز کی سختی کے ساتھ پابندی کرنا ہوگا اور تین فٹ سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہوگا ایسے کسی بھی اجتماع میں قریبی عزیز و اقارب محدود تعداد میں شرکت کرسکیں گے اور اس بارے میں علاقہ ایس ایچ او، اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ڈی پی او کو پیشگی اطلاع دینا ہوگی۔

ہر قسم کی سماجی مذہبی، کھیلوں اور ہرقسم کی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی،55سال سے زائد عمر کے ملازمین کے دفاتر آنے پرپابندی ہوگی،صوبے بھرکے سرکاری اور نجی دفاتر بند ہونگے ،صحت اورضروری سروسز فراہم کرنے والے اداروں کے علاوہ دفاتر بند ہونگے۔

دفاترکے عملے کولانے کے لئے مختص گاڑی کواجازت لینی ہوگی،31 جولائی سے ہونے والے انٹر ، ڈپلومہ اور نجی و سرکاری جامعات کے تمام امتحانات 8 اگست تک ملتوی ہوگئے ہیں،محکمہ بورڈز و جامعات نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد میٹرک بورڈ کراچی نے میٹرک کے عملی امتحانات، انٹر بورڈ کراچی نے انٹر کے امتحانات، ٹیکنیکل بورڈ نے ڈپلومہ کے امتحانات، جامعہ کراچی نے ڈگری امتحانات اور پی ایچ ڈی انٹرویو ملتوی کردیئے ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ کسی صوبہ کو انفرادی فیصلے کی اجازت نہیں ہے، این سی او سی کی ہدایت کے بغیر اقدامات نہیں کرنا چاہئیں، سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، وزیراعظم کی پالیسی بالکل واضح ہے۔

ہر ایسے اقدام کے خلاف ہوں گے جس سےعام آدمی کی معیشت متاثرہو،این سی او سی اور سندھ حکومت ایسالائحہ عمل مرتب کریں کہ عام آدمی کاروزگار اور کاروبارکم سےکم متاثرہو۔یہاںسندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاق کیا کہتا ہے ہمیں اس کی پرواہ نہیں ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر کے دوران اموات اور کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 86 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 7.79 رہی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 58 ہزار 203 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4537 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 295 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 24 ہزار 861 تک جاپہنچے ہیں۔پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں بھی مثبت کیسز بڑھ گئے، کئی شہروں میں اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیاگیاہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں بتدریج تیزی اور مثبت کیسوں کی شرح 12تک پہنچنے پر راولپنڈی کے 7 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کافیصلہ کیا ہے جو آج (بروزہفتہ)سے نافذالعمل ہو کر6اگست تک جاری رہے گا۔کورونا خدشات کے پیش نظر ہفتے میں2روزا سمارٹ لاک ڈاؤن کےاعلان کے تحت سکھر میں جمعہ کے روز بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔              

تازہ ترین