• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان کے سیاسی مخالفین پر وار، اپوزیشن جماعتوں پر تنقید


وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین پر وار کردیے، اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کی قیادت پر کھل کر تنقید کی۔

عوام سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ دو خاندانوں نے ملک کا پیسا بے شرمی اور بے دردی سے لوٹا اور ادارے تباہ کیے۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اب بھی وہی ہے، لیکن اب ان کی چیخیں نکل آئی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ طاقت ور کرپٹ لوگ این آر او مانگ رہے ہیں، بلیک میل کرتے ہیں کہ آپ نے ہم پر ہاتھ ڈالا، تو ہم آپ کی حکومت گِرادیں گے۔

وزیراعظم نے آزاد کشمیر اور سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں دھاندلی الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے اپوزیشن کو کہہ رہے ہیں انتخابی اصلاحات کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں حکومت ن لیگ کی تھی، الیکشن کمیشن ان کی مرضی کا تھا تو دھاندلی کیسے ہوگئی؟

عمران خان نے مزید کہا کہ ایک سال سے اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر وقت نہیں دے رہی، نہ اپنی تجویز دیتی ہے نہ ہماری سنتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ ہی ایک طریقہ ہے، جس سے سارے مسئلے ختم ہوجائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ای ووٹنگ کی سہولت دینے کے لیے بھی ٹرائلز ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین