• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارات کی پاکستان سمیت ایشیائی ممالک پر سفری پابندی میں توسیع

کراچی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے ڈیلٹا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا پر عائد سفریپابندیوں میں 7 اگست تک توسیع کردی۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں ایک بار پھر توسیع کردی جو 7 اگست تک نافذالعمل رہے گی،اماراتی شہریوں، اماراتی گولڈن ویزہ رکھنے والے غیرملکی اور سفارتی مشن کے افراد کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ 

جن لوگوں کی پروازیں معطل ہوئی ہیں ان کے ٹکٹس پرواز کی بحالی تک قابل استعمال رہیں گے۔ سفری پابندی میں توسیع کورونا کی بھارتی قسم کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث کی گئی۔ 

ان ممالک سے آنے والی پروازوں کے علاوہ ایسے مسافروں کے بھی متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جنھوں نے پاکستان، بھارت، بنگلادیش یا سری لنکا کا 14 دن کے اندر دورہ کیا ہو اور اب ان ممالک کے علاوہ کسی اور ملک سے امارات آنا چاہتے ہیں۔ 

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے بھارت سے پروازوں پر پابندی 24 اپریل جب کہ دیگر ایشیائی ممالک کی پروازوں پر پابندی 13 مئی کو عائد کی تھی جن میں مسلسل توسیع کی جارہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید