• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’شاہی خاندان کیساتھ کرسمس منانے سے گریز کریں‘، شہزادہ ہیری و میگھن مارکل کو سابق شاہی ملازم کا مشورہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

شاہی خاندان سے منحرف جوڑی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کو برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ رواں سال کرسمس منانے کے بجائے امریکا میں اپنے قریبی دوستوں اور میگھن کی والدہ ڈوریا ریگلینڈ کے ساتھ تعطیلات گزارنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے جی بی نیوز کے مطابق شاہ چارلس کے سابق ملازم گرانٹ ہیرولڈ کا کہنا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے لیے اس سال شاہی خاندان کے ساتھ کرسمس منانا مناسب نہیں ہو گا، کیونکہ تعلقات میں بہتری کے باوجود معاملات معمول پر آنے میں ابھی وقت لگے گا۔

گرانٹ ہیرولڈ نے 2004ء سے 2011ء تک شاہی خاندان کے لیے خدمات انجام دی تھیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ پسِ پردہ تعلقات بہتر ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ابھی وہ مرحلہ نہیں آیا کہ شاہی خاندان کے افراد اکٹھے بیٹھ کر خوش گوار ماحول میں کرسمس منا سکیں۔

گرانٹ ہیرولڈ نے امید ظاہر کی کہ اگلے سال تک صورت حال بہتر ہو سکتی ہے تاہم فی الحال معاملات کو آہستہ آہستہ آگے بڑھانا ہی مناسب ہو گا۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی کرسمس امریکا میں منانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق شاہی ملازم نے کہا کہ برطانیہ واپسی کی حالیہ پیش رفت کے باوجود جوڑے کی ترجیح امریکا ہو سکتی ہے کیونکہ وہاں ان کے قریبی دوست اور میگھن کا خاندان موجود ہے۔

گرانٹ ہیرولڈ کے مطابق کرسمس کے موقع پر ہر شخص اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہے، اس لیے امکان ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل امریکا روانگی سے قبل برطانیہ میں چند تقریبات میں شرکت کریں تاہم کرسمس کا اصل دن وہ کیلیفورنیا میں اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ گزاریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید