پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار شہروز سبزواری نے کہا ہے کہ اُنہیں اپنی اہلیہ صدف کنول کا آئٹم سانگ بہت پسند آیا تھا۔
حال ہی میں شہروز سبزواری اور اُن کی اہلیہ صدف کنول نے ایک نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اپنے کیرئیر سے لیکر اپنی ازدواجی زندگی تک کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
دورانِ انٹرویو میزبان نے شہروز سبزواری سے سوال کیا کہ اُنہیں صدف کنول کا آئٹم سانگ کیسا لگا تھا؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شہروز سبزواری نے کہا کہ ’مجھے صدف کا آئٹم سانگ بہت پسند آیا تھا جس طرح اُس نے کام سرانجام دیا وہ بہت شاندار تھا۔‘
اداکار کا جواب سُن کر میزبان نے کہا کہ ’آپ نے صدف سے یہ نہیں کہا کہ تُم نے آئٹم سانگ کیوں کیا؟ جس پر شہروز سبزواری نے کہا کہ ’نہیں! میں نے ایسا کچھ نہیں کہا کیونکہ اُس وقت میرا ان پر کوئی حق نہیں تھا۔‘
شہروز سبزواری نے کہا کہ ’میں اُس وقت صدف کو ٹھیک سے جانتا تک نہیں تھا اور ایک اداکار ہونے کی حیثیت سے مجھے ان کا کام بہت پسند آیا تھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ہمارے معاشرے میں لوگ کسی کے کام کی تعریف کم کرتے ہیں اور اُس تنقید کے تیر زیادہ برساتے ہیں جوکہ میری نظر میں بہت غلط ہے۔‘
میزبان نے پوچھا کہ ’اب تو صدف سے شادی ہوگئی ہے تو اگر اب صدف آئٹم سانگ کریں گی تو آپ انہیں روکیں گے؟ جس پر اداکار نے کہا کہ ’نہیں! میں بالکل نہیں روکوں گا۔‘
واضح رہے کہ اسی انٹرویو کے دوران صدف کنول نے کہا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ آپ اپنے شوہر کو شوہر سمجھیں اور شوہر کا درجہ اوپر ہونا چاہیئے کیوں کہ وہ آدمی ہے، بیوی کو کھلاتا ہے، بچوں کو سنبھالتا ہے، میں بھی اگرچہ کام کرتی ہوں لیکن شوہر کے مقابلے میں نہیں آسکتی۔
صدف کنول نے کہا تھا کہ بیوی ہونے کے ناتے مجھے شہروز کی ہر پسند ناپسند کا پتہ ہونا چاہیئے، اب بہت فیمینسٹ اور لبرلز آگئے ہیں جنہوں نے اس خیال کو تبدیل کیا ہے لیکن میرے خیال میں فیمینزم یہی ہے کہ میں اپنے شوہر کا خیال رکھوں۔
ماڈل کے اس بیان پر جہاں اُنہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب داد ملی تو وہیں کئی شوبز ستاروں نے صدف کنول پر خوب تنقید بھی کی۔