پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے مینارِ پاکستان پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حیران ہیں اور بےآواز ہوگئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں مہوش حیات نے کہا کہ ’ایک بار پھر سے، میں حیران اور بے آواز ہوکر رہ گئی ہوں۔‘
مہوش حیات نے کہا کہ ’کسی بھی مہذب معاشرے میں خواتین کا وقار، تحفظ اور احترام ہونا چاہیے لیکن لگتا ہے کہ یہ ہم پر لاگو نہیں ہوتا۔‘
اداکارہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اب ایک عورت کا صرف ایک جگہ پر ہونا اشتعال انگیزی کے لیے کافی ہے۔‘
اُنہوں نے تمام خواتین کی حفاظت کی دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’خدا! ہمیں بچائے۔‘
واضح رہے کہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔
اوباش نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ دیے جبکہ پولیس واقعہ سے بے خبر رہی۔
خاتون کی درخواست پر 400 نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔