پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دی۔
زید علی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے نومولود بیٹے کی تصویر شیئر کی جس میں اُنہوں نے بیٹے کا ننھا سا ہاتھ تھاما ہوا ہے۔
یوٹیوبر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ ’18 اگست کو اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام اُنہوں نے اِزیان علی زید رکھا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’یہ ہماری شادی کی سالگرہ کا بہترین تحفہ ہے جو میں مانگ سکتا تھا۔‘
خوشی کے اس موقع پر زید علی نے اللّہ تعالیٰ کا شُکر بھی ادا کیا۔
پاکستانی شوبز ستاروں سمیت مداحوں کی بڑی تعداد زید علی اور اُن کی اہلیہ کو بیٹے کی پیدائش کی مبارکباد پیش کرتی نظر آرہی ہے۔
واضح رہے کہ زید علی نے رواں سال کی ابتدا میں ہی اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اس بات کی اطلاع دی تھی کہ وہ اور یمنیٰ جلد ہی والدین بننے جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کا دن میری زندگی کا سب سے خوبصورت اور خوشگوار دن ہے۔‘
خیال رہے کہ انٹرنیٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین اسٹار زید علی نے اگست 2017ء میں یمنیٰ سے شادی کی۔
سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے پاکستانی نژاد زید علی کینیڈا میں مقیم ہیں، تاہم بیرونِ ملک پیدائش اور پرورش کے باوجود زید نے اپنا طرز زندگی روایتی پاکستانیوں جیسا رکھا ہوا ہے۔